فیصل آباد،پولیس کی وردیوں میں ملبوس مخالفین نے اندھا دھند فائرنگ کر کے مبشر اقبال ڈھلوں کے بھانجے وحید بابر ڈھلوں کوقتل کر دیا

اتوار 25 مئی 2025 10:50

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2025ء)فیصل آباد تھانہ چک جھمرہ کے علاقہ 186رب میں پولیس کی وردیوں میں ملبوس مخالفین نے اندھا دھند فائرنگ کر کے مبشر اقبال ڈھلوں کے بھانجے وحید بابر ڈھلوں کوقتل کر دیا گیا، جبکہ گولیاں لگنے سے اس کا گن مین بھی زخمی ہو گیا، حملہ آور ہوائی فائرنگ اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے، ڈھلوں گائوں میں حالات کشیدہ‘ پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعش کو تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق چک جھمرہ کے علاقہ 186 رب ڈھلوں میں مبشر اقبال ڈھلوں کی حمزہ ڈھلوں گروپ میں پرانی دشمنی چلی آ رہی تھی اور کچھ عرصہ سے حالات مزید کشیدہ ہو گئے تو وہاں پر معزز شخصیات نے دونوں گروپوں میں صلح کروانے کی بھرپور کوشش کی لیکن وہ کامیاب نہ ہو سکے اور گزشتہ شب وحید ڈھلوں گروپ کے مسلح افراد پولیس کی وردیاں پہن کر دو گاڑیوں میں مبشر اقبال ڈھلوں کے ڈیرہ میں داخل ہوئے اور وہاں پر موجود مبشر اقبال ڈھلوں کا بھانجا وحید بابر ڈھلوں اپنے گن مین کے ساتھ موجود تھا تو ملزمان نے دونوں پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، گولیاں لگنے سے حمزہ بابر ڈھلوں اور اس کا گن مین بری طرح زخمی ہو گئے، حملہ آوروں نے ہوائی فائرنگ کر کے علاقہ میں خوف وہراس پھیلا دیا اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہو گئے۔

(جاری ہے)

اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ تاہم 186 رب میں خوف وہراس پایا جاتا ہے۔