مانسہرہ، بفہ میں تین روزہ تبلیغی اجتماع بخیریت اختتام پذیر، ملک و قوم کی سلامتی، استحکام اور امن و امان کے لئے خصوصی دعائیں

اتوار 25 مئی 2025 12:40

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2025ء) مانسہرہ، بفہ میرا میں تین روزہ عظیم الشان تبلیغی اجتماع کامیابی اور خیریت کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔ اجتماع میں ہزارہ ڈویژن سمیت گلگت بلتستان سے لاکھوں کی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔ اجتماع کے آخری روز ڈپٹی کمشنر مانسہرہ خالد اقبال اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شفیع اللہ گنڈاپور نے مرکزی پنڈال کا دورہ کیا اور اختتامی دعا میں خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر ضلعی افسران، علماء کرام، سیاسی و سماجی رہنما، معززینِ علاقہ اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اختتامی دعا میں ملک و قوم کی سلامتی، استحکام اور امن و امان کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ اس کے ساتھ ساتھ مانسہرہ پولیس، ضلعی انتظامیہ اور دیگر تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انتھک محنت، پیشہ ورانہ خدمات اور بہترین ڈیوٹی کو بھرپور سراہا گیا اور ان کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

(جاری ہے)

ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈاپور نے اجتماع کے دوران سکیورٹی، ٹریفک اور دیگر انتظامات کا خود جائزہ لیا، مختلف مقامات کا دورہ کیا اور تبلیغی جماعت کے منتظمین سے انتظامات سے متعلق تفصیلی معلومات حاصل کیں۔ منتظمین نے پولیس اور دیگر اداروں کی جانب سے کئے گئے اقدامات پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا اور اجتماع کے پرامن انعقاد پر مانسہرہ پولیس سمیت تمام متعلقہ محکموں کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا۔

مانسہرہ پولیس نے اجتماع کے دوران فول پروف سکیورٹی یقینی بناتے ہوئے داخلی و خارجی راستوں پر چیک پوائنٹس قائم، واک تھرو گیٹس نصب کئے گئے اور اجتماع گاہ کے اطراف پولیس اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے ٹریفک پولیس نے مربوط حکمت عملی کے تحت مؤثر اقدامات کیے جن کی بدولت شرکاء کو آمد و رفت میں کسی قسم کی دقت کا سامنا نہیں کرنا پڑا، ان تمام موثر اقدامات پر شرکاء نے مانسہرہ پولیس کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔