اسلام آباد ہائی کورٹ ججز ٹرانسفر اور سینیارٹی کیس کی سماعت پیر 26 مئی کوسپریم کورٹ میں ہوگی

اتوار 25 مئی 2025 16:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2025ء) اسلام آباد ہائی کورٹ ججز ٹرانسفر اور سینیارٹی کیس کی سماعت(کل) پیر 26 مئی کوسپریم کورٹ میں ہوگی ۔سماعت جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں پانچ رکنی آئینی بینچ کرے گا ۔ بنچ کے دیگر ممبران میں جسٹس نعیم اختر افغان ، جسٹس شاہد بلال حسن ، جسٹس صلاح الدین پنھور اور جسٹس شکیل احمد شامل ہیں ۔

قبل ازیں گزشتہ سماعت کے موقع پر جسٹس نعیم اختر افغان نے ریمارکس دیے کہ آئین کا آرٹیکل 200 پہلے آیا، اسلام آباد ہائی کورٹ بعد میں بنی، اسلام آباد ہائی کورٹ کے ایکٹ میں لکھا ہوا ہے اسلام آباد ہائی کورٹ چیف جسٹس اور 12 دیگر ججز پر مشتمل ہوگی، اسلام آباد ہائی کورٹ میں ججز تعیناتی کا ذکر ہے، ٹرانسفر کا ذکر نہیں ہے، ایکٹ میں لکھا ہوا ہے ججز چاروں صوبوں سے لیے جائیں گے، ہائیکورٹس کا ذکر نہیں ہے، اگر ٹرانسفر کیا جانا ہوتا تو قانون میں ایسا لکھ دیا جاتا، جسٹس سرفراز ڈوگر کی تعیناتی سے 10 روز پہلے جوڈیشل کمیشن کا ایک اجلاس ہوا، اس اجلاس میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے ایک سیشن جج راجہ جواد عباس کے نام پر غور ہوا، اگر بلوچستان سے مستقل جج لانا تھا تو سیشن جج راجہ جواد عباس کا نام کیوں ڈراپ کیا گیا؟ یہ سوال اٹارنی جنرل سے بھی ہے، وہ آئندہ سماعت پر جواب دیں۔

(جاری ہے)

کراچی بار کے وکیل فیصل صدیقی آئندہ سماعت پر بھی دلائل جاری رکھیں گے۔