صنعتی اور زرعی صارفین کیلئے اضافی بجلی کی کھپت کیلئے سرپلس پاور پیکج لانے کا فیصلہ

اس سرپلس پاور پیکیج میں گرین فیلڈ انڈسٹریز کو بھی شامل کیا جائے گا، ڈیٹا سینٹرز کرپٹو مائننگ آپریشنز بھی مجوزہ پیکیج سے استفادہ کر سکیں گے

Sajid Ali ساجد علی اتوار 25 مئی 2025 16:59

صنعتی اور زرعی صارفین کیلئے اضافی بجلی کی کھپت کیلئے سرپلس پاور پیکج ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 مئی 2025ء ) حکومت نے صنعتی اور زرعی صارفین کیلئے اضافی بجلی کی کھپت کیلئے سرپلس پاور پیکج لانے کا فیصلہ کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے اضافی بجلی کی کھپت کے لیے سرپلس پاور پیکج لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس حوالے سے پاور ڈویژن میں مختلف تجاویز زیر غور ہیں، ذرائع نے بتایا ہے کہ پاور پیکیج انڈسٹریل اور زرعی صارفین کے لیے لایا جائے گا، جس کے تحت اضافی بجلی کے استعمال پر 8 اور 9 سینٹ کا مراعاتی ریٹ تجویز کیا گیا ہے، سرپلس پاور پیکج کا دورانیہ تین سال تجویز کیا گیا ہے، اس سرپلس پاور پیکیج میں گرین فیلڈ انڈسٹریز کو بھی شامل کیا جائے گا، ڈیٹا سینٹرز کرپٹو مائننگ آپریشنز بھی مجوزہ پیکیج سے استفادہ کر سکیں گے۔

دوسری طرف لیسکو نے بجلی چوروں کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے فرنس فیکٹری میں بڑے پیمانے پر بجلی چوری پکڑلی، ملزمان کی جانب سے لیسکو ٹیم پر فائرنگ بھی کی گئی، رینجرز نے ملزمان سے اسلحہ برآمد کرلیا جہاں سے لیسکو حکام کو اطلاع ملی تھی کہ جیا بگا سب ڈویژن کی حدود میں فرنس فیکٹری میں وسیع پیمانے پر بجلی چوری ہو رہی ہے، چیف ایگزیکٹو آفیسر رمضان بٹ کی ہدایت پر ایکسین لیسکو رائے ونڈ ڈویژن محمد علی رضا کی قیادت میں ڈسکو سپورٹ یونٹ نے چھاپہ مارا تو فیکٹری میں کام جاری تھا، ڈسکو سپورٹ یونٹ کو دیکھتے ہی فیکٹری مالکان نے لیسکو ٹیم پر فائرنگ شروع کردی، رینجرز ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان سے اسلحہ برآمد کرلیا۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ ڈسکو سپورٹ یونٹ کی کارروائی میں موقعہ سے 12 بجلی چور پولیس کی حوالے کر دئیے گئے، بجلی چوروں میں اسلم بھٹی، محمد شہباز، عقیل شاہ اور ڈاکٹر سہیل ودیگر شامل ہیں، ملزمان لیسکو کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچارہے تھے، بجلی چوری میں استعمال ہونے والے آلات پولیس کے حوالے کر دئیے گئے، لیسکو ٹیم نے بجلی چوری میں استعمال ہونے والے ٹرانسفارمر ز، تاریں بھی قبضے میں لے لیں، بڑی کارروائی پر لیسکو چیف نے رائے ونڈ لیسکو ڈویژن کی ٹیم کو شاباش دی ہے۔