ظ*بٹ کوائن کی قدر میں تاریخی اضافہ، قیمت ایک لاکھ 11 ہزار ڈالر سے تجاوز کر گئی

اتوار 25 مئی 2025 18:05

Vنیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مئی2025ء) کرپٹو کرنسی کی دنیا میں ایک بار پھر زبردست ہلچل دیکھی گئی ہے، کیونکہ دنیا کی سب سے بڑی کرپٹو کرنسی بٹ کوائن کی قیمت ایک لاکھ 11 ہزار 529 ڈالر کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔سی این بی سی کی رپورٹ کے مطابق بٹ کوائن کی قدر میں صرف ایک دن میں 3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ماہرین اس اضافے کی کئی وجوہات بیان کر رہے ہیں، جن میں امریکہ میں کرپٹو ریگولیشن میں بہتری اور بڑے اداروں کی جانب سے مسلسل سرمایہ کاری شامل ہے۔

کرپٹو ریسرچ کمپنی کوائن شیئرز کے ماہر جیمز بٹرفل نے کہا ہے کہ ادارہ جاتی خریداروں کا بڑھتا ہوا اعتماد اس تیزی کی سب سے بڑی وجہ ہے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ بٹ کوائن کی قیمت میں یہ اضافہ امریکی اسٹاک مارکیٹ میں کمی کے باوجود ہو رہا ہے، جو اس کی الگ پہچان اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔

(جاری ہے)

کرپٹو ڈیٹا پلیٹ فارم سوسو ویلیو کے مطابق 2025 کے آغاز سے اب تک بٹ کوائن کی قیمت میں 18 فیصد سے زیادہ کا اضافہ ہو چکا ہے، جبکہ پبلک لسٹڈ کمپنیوں کے پاس موجود بٹ کوائن کی مقدار میں بھی 31 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا ہے، جس کی مالیت تقریباً 349 ارب ڈالر بنتی ہے۔ماہرین کا ماننا ہے کہ اگر یہ رجحان برقرار رہا تو بٹ کوائن جلد مزید نئی بلندیوں کو چھو سکتا ہے۔