پیپلز پارٹی نے مورو واقعے میں شہید ہونے والے عرفان لغاری کی میت کو ورثا کے حوالے کرنے کے بجائے پولیس کے ذریعے زبردستی دفنادیاہے، سید زین شاہ

پولیس نے یہ غیر انسانی اور غیر قانونی عمل حکومتی ہدایات پر انجام دیا، جو کہ انسانی حقوق، قانون کی حکمرانی اور جمہوری اقدار کی صریح خلاف ورزی ہے،کنوینرسندھو دریا بچائو تحریک

اتوار 25 مئی 2025 20:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2025ء)سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے مرکزی صدر سید زین شاہ نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت نے نہ صرف سیاسی، اخلاقی، قانونی اور آئینی اصولوں کو پامال کیا ہے، بلکہ ظلم کی انتہا کرتے ہوئے مورو واقعے میں شہید ہونے والے عرفان لغاری کی میت کو اس کے والدین اور ورثا کے حوالے کرنے کے بجائے پولیس کے ذریعے زبردستی دفنایا۔

(جاری ہے)

پولیس نے یہ غیر انسانی اور غیر قانونی عمل پیپلز پارٹی کی حکومتی ہدایات پر انجام دیا، جو کہ انسانی حقوق، قانون کی حکمرانی اور جمہوری اقدار کی صریح خلاف ورزی ہے۔ ہم اس بربریت اور بے حسی کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ سے پرزور اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس نہایت سنگین اور افسوسناک واقعے کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے، شہید کے ورثا کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کا نوٹس لے کر پولیس، ضلعی انتظامیہ اور پیپلز پارٹی کے متعلقہ ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا حکم جاری کریں۔ سندھ کا باشعور عوام اس بربریت کو ہرگز نہیں بھولے گا۔