گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مجموعی طور پرپانچن ہزار سے زائد ٹریفک خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں،اسلام آباد ٹریفک پولیس

اتوار 25 مئی 2025 21:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2025ء) اسلام آباد ٹریفک پولیس (آئی ٹی پی) نے کہا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مجموعی طور پر 5,497 ٹریفک خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں، جن میں 1,052 گاڑیوں کو ضبط کیا گیا اور مختلف جرائم کے لیے ہزاروں چالان جاری کیے گئے۔اتوار کو ترجمان نے بتایا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 740 موٹر سائیکلوں اور 312 گاڑیوں کو جرمانے کئے گئے۔

مزید برآں 3315 گاڑیوں کو غیر قانونی پارکنگ پر کارروائی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ 634 موٹر سائیکل سواروں کو ہیلمٹ کا استعمال نہ کرنے پر جرمانے کئے گئے۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ دوران ڈرائیونگ موبائل فون استعمال کرنے پر 114 ڈرائیوروں کو جرمانے کیے گئے اور سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر 384 گاڑیوں کو چالان ٹکٹ دیا گیا۔ کالے رنگ کا شیشہ استعمال کرنے پر 98 گاڑیوں کے خلاف بھی کارروائی کی گئی۔

چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) کیپٹن (ر) سید ذیشان حیدر نے کہا کہ دارالحکومت میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت اور بلا امتیاز کارروائی کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم غیر قانونی پارکنگ کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کر رہے ہیں، شہریوں کومحفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے ٹریفک قوانین کا احترام کرنا چاہیے۔