محکمہ جنگلات بلوچستان کی ٹین بلین ٹری سونامی پروجیکٹ میں بے ضابطگیوں کے حوالے زیرگردش خبروں کی تردید

اتوار 25 مئی 2025 21:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2025ء) محکمہ جنگلات و جنگلی حیات بلوچستان نے حالیہ دنوں میں ٹین بلین ٹری سونامی پروجیکٹ میں بے ضابطگیوں کے حوالے سےمیڈیا میں زیرگردش خبروں کی تردید کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد،گمراہ کن اور حقیقت کے منافی قرار دیا۔ محکمہ جنگلات کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حقیقت یہ ہے کہ مذکورہ پروگرام کے تحت مالی سال 2019 سے 2022 کے دوران محکمہ جنگلات کے 35 ڈرائنگ اینڈ ڈسبرسنگ آفیسرز (DDOs) اور محکمہ تعمیرات کے 4 DDOs کے ذریعے پورے تقسیم کئے گئے جنکا پورا ریکارڈ موجود ہے۔

یہ تمام اخراجات ریکارڈ کے مطابق مقررہ مالیاتی ضوابط اور سرکاری قواعد و ضوابط کے تحت عمل میں آئے۔پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں جمع کرائی گئی اسپیشل آڈٹ رپورٹ میں اٹھائے گئے نکات دراصل آڈٹ کے عمومی اعتراضات ہیں، جن کا مفصل اور مستند جواب محکمہ جنگلات و جنگلی حیات نے متعلقہ فورم پر پیش کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

آڈٹ اعتراضات کا مقصد مالی شفافیت کو یقینی بنانا ہوتا ہے، ان کا مطلب ہرگز مالی بے ضابطگی یا بدعنوانی نہیں لیا جا سکتا، جب تک کہ متعلقہ حکام کی وضاحت و شواہد کو نظرانداز نہ کیا جائے۔

محکمہ جنگلات و جنگلی حیات بلوچستان میڈیا کے تمام اداروں سے گزارش کرتا ہے کہ ایسی حساس نوعیت کی خبروں کی اشاعت سے قبل مصدقہ ذرائع سے معلومات حاصل کریں اور عوام کو غیر مصدقہ و گمراہ کن معلومات سے بچائیں جبکہ غیر مصدقہ سوشل میڈیا پوسٹ کی بغیر تصدیق پر محکمہ قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔