Live Updates

حکومت کی یوٹیوبرز اور ٹک ٹاکرز کی آمدنی پر ٹیکس لگانے کی تیاری

مالی سال 2025-26 کا بجٹ 10 جون کو پیش ہونے جارہا ہے

پیر 26 مئی 2025 11:52

حکومت کی یوٹیوبرز اور ٹک ٹاکرز کی آمدنی پر ٹیکس لگانے کی تیاری
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2025ء)اگر آپ یوٹیوب پر وی لاگ بنا کر یا ٹک ٹاک پر ڈانس کرکے لاکھوں کما رہے ہیں تو ہوشیار ہوجائیں! حکومت اب آپ کی کمائی پر بھی نظر رکھ رہی ہے۔مالی سال 2025-26 کا بجٹ 10 جون کو پیش ہونے جارہا ہے، اور اطلاعات کے مطابق اس بار بجٹ میں سوشل میڈیا سے کمائی کرنے والوں کیلیے ایک نیا سرپرائز تیار کیا جارہا ہے۔

جی ہاں، بات ہورہی ہے یوٹیوبرز، ٹک ٹاکرز اور وی لاگرز پر ٹیکس لگانے کی-ذرائع بتاتے ہیں کہ انسٹیٹیوٹ آف کاسٹ اینڈ مینجمنٹ اکانٹنٹس آف پاکستان (ICMAP) نے تجویز دی ہے کہ یوٹیوب، ٹک ٹاک اور دیگر پلیٹ فارمز سے حاصل ہونے والی آمدنی پر 3.5 فیصد ٹیکس عائد کیا جائے۔ اس تجویز کا مقصد حکومت کے خزانے میں 52.5 ارب روپے کی اضافی رقم لانا ہے۔

(جاری ہے)

دلچسپ بات یہ ہے کہ ماضی میں سوشل میڈیا کو صرف تفریح یا اظہارِ رائے کا ذریعہ سمجھا جاتا تھا، مگر اب یہ ایک باقاعدہ کمائی کا میدان بن چکا ہے اور حکومت اس میدان کو بھی ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے پر تول رہی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ تجویز حکومت کے سنجیدہ غور و فکر میں ہے، اور امکان ہے کہ آنے والے بجٹ میں اس پر باقاعدہ اعلان ہوجائے۔ تو اگر آپ بھی کیمرے کے سامنے بیٹھ کر لاکھوں کما رہے ہیں، تو ہو سکتا ہے اب حساب کتاب کا وقت آگیا ہو-
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات