کراچی، بحریہ یونیورسٹی میں ہوسٹائل انوائرمنٹ اویئرنیس ٹریننگ و سیلف ڈیفنس سیشن کا انعقاد، مقصد طلبہ کو ناگہانی حالات سے محفوظ رہنے اور درست ردعمل بارے آگاہی فراہم کرنا تھا

پیر 26 مئی 2025 16:53

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2025ء) بحریہ یونیورسٹی کراچی میں ایک روزہ ہوسٹائل انوائرمنٹ اویئرنیس ٹریننگ (ایچ ای اے ٹی)اور سیلف ڈیفنس سیشن کا کامیاب انعقادکیا گیا جس کا مقصد طلبہ کو ناگہانی حالات سے خود کو محفوظ رکھنے اور ایسے حالات میں درست ردعمل دینے بارے آگاہی اور مہارت فراہم کرنا تھا۔پیر کو ترجمان ڈی آئی جی سکیورٹی کے مطابق تربیت کے دوران طلبہ نے دہشت گردی کے حملے کی فرضی مشق کا مشاہدہ کیا جس میں ایس ایس یو کمانڈوز نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے انسدادی کارروائیاں پیش کیں، اس کے علاوہ مارشل آرٹس کی عملی مشقیں بھی کی گئیں جن کے ذریعے طلبہ کو اپنا دفاع کرنے کی تکنیک سکھائی گئی۔

ڈی آئی جی سکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن ڈاکٹر مقصود احمدنے اپنے خطاب میں ایسے تربیتی سیشنز کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظرایچ ای اے ٹی سیشنز اور سیلف ڈیفنس کی تربیت نہ صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں بلکہ عام شہریوں بالخصوص طلبہ کے لیے بھی ناگزیر ہے تاکہ وہ ہنگامی حالات میں اعتماد کے ساتھ اپنا تحفظ کر سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے طلبہ کے جذبے کو سراہا اور عوامی تحفظ کے فروغ کے لیے پیشہ وارانہ تربیت اور کمیونٹی کےساتھ مضبوط روابط استوار کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔یہ سیشن ڈاکٹر سحر افشان (سینئر اسسٹنٹ پروفیسر و سربراہ شعبہ ہیومینٹیز اینڈ سوشل سائنسز)، ڈاکٹر سمرہ اشفاق (اسسٹنٹ پروفیسر بحریہ یونیورسٹی کراچی) اور ڈاکٹر سدرہ احمد (اسسٹنٹ پروفیسر بحریہ یونیورسٹی کراچی)کی نگرانی اور تعاون سے منعقد کیا گیا جنہوں نے اس تربیتی پروگرام کے انعقاد میں کلیدی کردار ادا کیا۔تقریب کے اختتام پر ڈی آئی جی سکیورٹی ڈاکٹر مقصود احمد اور بحریہ یونیورسٹی کے سینئر عہدیداران کے درمیان شیلڈز کا تبادلہ ہوا جو باہمی تعاون اور مستقبل میں سکیورٹی کے شعبے میں مل کر کام کرنے کے عزم کی علامت تھا۔