بحریہ یونیورسٹی میں ایس ایس یو کمانڈوز کی جانب سے ہوسٹائل انوائرمنٹ اویئرنیس ٹریننگ (H.E.A.T.) اور سیلف ڈیفنس سیشن کا انعقاد

پیر 26 مئی 2025 16:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2025ء)ایک روزہ ہوسٹائل انوائرمنٹ اویئرنیس ٹریننگ (H.E.A.T.) اور سیلف ڈیفنس سیشن کا کامیاب انعقاد اسپیشل سیکیورٹی یونٹ (SSU) کے کمانڈوز کی جانب سے بحریہ یونیورسٹی کراچی میں کیا گیا۔ اس تربیتی سیشن کا مقصد طلبا کو ناگہانی حالات سے خود کو محفوظ رکھنے اور ایسے حالات میں درست ردعمل دینے کی آگاہی اور مہارت فراہم کرنا تھا۔

تربیت کے دوران طلبا نے دہشت گردی کے حملے کی فرضی مشق کا مشاہدہ کیا جس میں ایس ایس یو کمانڈوز نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے انسدادی کارروائیاں پیش کیں۔ اس کے علاوہ مارشل آرٹس کی عملی مشقیں بھی کی گئیں جن کے ذریعے طلبا کو خود کا دفاع کرنے کی تکنیک سکھائی گئیں۔ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن ڈاکٹر مقصود احمد اس موقع پر مہمانِ خصوصی کے طور پر شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب میں انہوں نے ایسے تربیتی سیشنز کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر H.E.A.T. سیشنز اور سیلف ڈیفنس کی تربیت نہ صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں بلکہ عام شہریوں، بالخصوص طلبا کے لیے بھی ناگزیر ہے تاکہ وہ ہنگامی حالات میں اعتماد کے ساتھ خود کا تحفظ کر سکیں۔ڈاکٹر مقصود احمد نے طلبا کے جذبے کو سراہا اور عوامی تحفظ کے فروغ کے لیے پیشہ ورانہ تربیت اور کمیونٹی کیساتھ مضبوط روابط استوار کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

یہ سیشن ڈاکٹر سحر افشان (سینئر اسسٹنٹ پروفیسر و سربراہ شعبہ ہیومینٹیز اینڈ سوشل سائنسز)، ڈاکٹر سمرہ اشفاق (اسسٹنٹ پروفیسر، بحریہ یونیورسٹی کراچی، اور ڈاکٹر سدرہ احمد اسسٹنٹ پروفیسر، بحریہ یونیورسٹی کراچی کی نگرانی اور تعاون سے منعقد کیا گیا جنہوں نے اس تربیتی پروگرام کے انعقاد میں کلیدی کردار ادا کیا۔تقریب کے اختتام پر ڈی آئی جی سیکیورٹی ڈاکٹر مقصود احمد اور بحریہ یونیورسٹی کے سینئر عہدیداران کے درمیان شیلڈز کا تبادلہ ہوا، جو باہمی تعاون اور مستقبل میں سیکیورٹی کے شعبے میں مل کر کام کرنے کے عزم کی علامت تھا۔