ضلع سوات میں پولیو کے خاتمے کے لیے پانچ روزہ مہم کا آغاز

پیر 26 مئی 2025 16:58

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2025ء) ضلع سوات میں پولیو کے خاتمے کے لیے پانچ روزہ مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس کا مقصد پانچ سال سے کم عمر کے تمام بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھنا ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق اس مہم میں 5 لاکھ 14 ہزار بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ کے تحصیل سپروائزر ڈاکٹر گل رحمان نے پختونخوا ریڈیو ایف ایم 98 سوات کے پروگرام حال احوال میں میزبان فضل خالق خان کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ مہم کی کامیابی کے لیے مجموعی طور پر 2127 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو گھر گھر، صحت مراکز، بس اڈوں، بازاروں اور عوامی مقامات پر بچوں کو قطرے پلائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ مہم کی نگرانی کے لیے سخت مانیٹرنگ سسٹم بھی نافذ کیا گیا ہے ،اس مہم میں دور دراز اور پہاڑی علاقوں کو بھی مکمل طور پر شامل کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ان علاقوں تک رسائی کے لیے خصوصی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں جو پیدل یا مقامی ذرائع سے وہاں پہنچیں گی۔ محکمہ صحت کے مطابق ویکسین کی فراہمی اور اس کی محفوظ ترسیل کے لیے ہر ٹیم کو بروقت فراہمی یقینی بنانے کے لیے ضلعی سطح پر کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔

اگر کوئی بچہ مہم کے دوران گھر پر موجود نہ ہو تو ٹیمیں دوبارہ وزٹ کریں گی، والدین کو پیغام دیتے ہوئے ڈاکٹر گل رحمان نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے ان کا تعاون نہایت اہم ہے۔ اگر کسی بچے کو پہلے ویکسین دی جا چکی ہو تو بھی ہر مہم میں قطرے پلوانا ضروری ہے کیونکہ یہ عمل مدافعتی نظام کو مزید مضبوط بناتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بچہ ہلکی بخار یا معمولی بیماری میں مبتلا ہو تب بھی وہ پولیو ویکسین لے سکتا ہے اور اس سے کوئی نقصان نہیں ہوتا۔ آخر میں انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ قومی ذمہ داری کا ثبوت دیتے ہوئے ہر بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں کیونکہ ایک صحت مند بچہ ہی ایک صحت مند معاشرے کی ضمانت ہے۔

متعلقہ عنوان :