ڈی آئی جی اسلام آباد کی زیرنگرانی کھلی کچہری کا انعقاد، شہریوں کے مسائل سنے اور فوری حل کے احکامات جاری

پیر 26 مئی 2025 22:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2025ء) ڈی آئی جی اسلام آبادمحمد جواد طارق نے اپنے دفتر میں کھلی کچہری کے دوران شہریوں کے مسائل سنے اور افسران کو شہریوں کے مسائل کے فوری حل کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے مسائل کا میرٹ پر فوری حل ہماری اولین ترجیح ہے۔پولیس ترجمان کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں اسلام آباد پولیس شہریوں کے مسائل کے حل کے لئے پرعزم ہے ۔

اس سلسلہ میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد محمد جواد طارق نے اپنے دفتر میں کھلی کچہری کے دوران شہریوں کے مسائل سنے ،انہوں نے افسران کو شہریوں کے مسائل کے فوری حل کے احکامات جاری کئے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ شہری اپنے مسائل کے حل کے لئے ''آئی جی پی شکایت سیل1715 ''پر بھی اپنی شکایات و مسائل درج کرواسکتے ہیں،اسلام آباد پولیس مختلف اقدامات کے ذریعے عام شہریوں تک پہنچ کر ان کے مسائل کو حل کرنے کے لئے پرعزم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ آئی جی اسلام آبادنے تمام سینئر پولیس افسران کو ضلع بھر میں کھلی کچہریوں کے انعقاد کے احکامات جاری کئے ہیں اوراس سلسلے میں تمام زونل ایس پیز اپنے زونز میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد کا کوئی بھی شہری ان کھلی کچہریوں میں کھل کر اپنے مسائل بیان کرسکتا ہے،اسلام آباد پولیس کی اس عوامی رابطہ مہم کا مقصد شہریوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنا ہے۔