ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایچ ای سی کی عہدے پر بحالی ،حکم امتناع کی فوری استدعا مسترد

اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایچ ای سی سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا

منگل 27 مئی 2025 03:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2025ء)اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایچ ای سی سے برخاست کیے گئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ضیا القیوم کی عہدے پر بحالی اور حکم امتناع کی فوری استدعا مسترد کر دی۔جسٹس راجہ انعام امین منہاس نے ڈاکٹر ضیا القیوم کی عہدے پر بحالی کی درخواست پر سماعت کی۔ برخاست کیے گئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایچ سی سی ڈاکٹر ضیا القیوم کی جانب سے وکیل عمران شفیق عدالت میں پیش ہوئے اور کہا کہ ڈاکٹر ضیا القیوم کی تعیناتی چار سال کے لیے انتظامی ڈھانچے کے عین مطابق ہوئی، ایچ ای سی نے غیر قانونی طور پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر کو نوکری سے برخاست کیا۔

انہوں نے کہا کہ عدالت حکم امتناع جاری کر دے کیونکہ نئی تعیناتی کے لیے گزشتہ روز اشتہار بھی جاری ہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

جسٹس راجا انعام امین منہاس نے ریمارکس دیے کہ ہم ایسے حکم امتناع جاری نہیں کر سکتے، پہلے جواب آجانے دیں۔ سپریم کورٹ کی واضح ہدایات ہیں کہ اداروں اور ایچ ای سی کے کام میں مداخلت نہیں کرنی، ہم نوٹس کرکے جواب مانگ لیتے ہیں جواب آ جائے تو پھر دیکھیں گے۔وکیل نے استدعا کی کہ عدالت پھر لمبی تاریخ کے بجائے ایک ہفتے کی تاریخ دے دے۔جسٹس انعام امین منہاس نے ریمارکس دیے کہ میں آئندہ تاریخ سے متعلق آرڈر میں لکھ دوں گا۔بعد ازاںعدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی، کیس کی آئندہ تاریخ تحریری حکمنامہ میں جاری ہوگی۔