ڈپٹی کمشنر ننکانہ نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں بچوں کو قطرے پلا کر 05روزہ پولیو مہم کا آغاز کر دیا

ضلع میں مجموعی طور پر 1198ٹیمیں پولیو کے قطرے پلانے کا قومی فریضہ سرانجام دے رہی ہیں، دو لاکھ 88ہزار سے زائد بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف

منگل 27 مئی 2025 13:16

ننکانہ صاحب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2025ء)ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر را نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں بچوں کو قطرے پلا کر 05 روزہ پولیو مہم کا آغاز کر دیا۔پولیو کے قطرے پلانے کی افتتاحی تقریب میں سی او ہیلتھ ڈاکٹر محمد طلحہ شیروانی ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر کامران واجد سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع میں مجموعی طور پر 1198 ٹیمیں پولیو کے قطرے پلانے کا قومی فریضہ سرانجام دے رہی ہیں ، پولیو مہم میں دو لاکھ 88 ہزار سے زائد بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف حاصل کیا جائے گا۔ڈی سی ننکانہ نے کہا کہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور ڈی ڈی ایچ اوز فیلڈ میں سخت مانیٹرنگ یقینی بنائیں۔وزیر اعلی مریم نواز شریف کے زیرو پولیو پنجاب کے ویژن کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔پولیو مہم کی کامیابی قومی مقصد ہے جس کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔انہوں نے والدین سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اپنے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے محفوظ رکھنے کے لیے پولیو ٹیموں سے تعاون کریں۔