مظفرآباد ،، 55 لاکھ روپے کی خطیر رقم سے تعمیر ہونے والا فٹ بال گراؤنڈ حسن آباد تین سال میں بھی مکمل نہ کر سکا

بااثر ٹھیکے دار کی غفلت نے گراؤنڈ کی تعمیر میں غفلت نااہلی اور ناقص مٹیریل کا کھلم کھلا استعمال کیا مگر متعلقہ اداروں نے چپ سادھ لی

منگل 27 مئی 2025 16:57

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2025ء) تعلقات اور اختیارات کا نشہ، 55 لاکھ روپے کی خطیر رقم سے تعمیر ہونے والا فٹ بال گراؤنڈ حسن آباد تین سال میں بھی مکمل نہ کر سکا۔بااثر ٹھیکے دار کی غفلت نے گراؤنڈ کی تعمیر میں غفلت نااہلی اور ناقص مٹیریل کا کھلم کھلا استعمال کیا مگر متعلقہ اداروں نے آنکھیں اور کان بند کرتے ہوئے منہ پر قفل لگائے رکھے، بارہا عوام الناس اور سول سوسائٹی نے نشاندہی بھی کی مگر بااثر ٹھیکیدار کو کوئی نہ پوچھ سکا۔

امبور حسن آباد فٹبال گراؤنڈ تباہ حالی کا نمونہ بن چکا ہے۔ اسی طرح حلقہ نمبر 3ایل اے 29 کے دیگر تعمیراتی کام بھی ناقص مٹیریل کے استعمال کی وجہ سے تعمیر ہونے سے قبل ہی تباہ ہو جاتے ہیں مگر انہیں تعمیر کرنے والوں کو کوئی پوچھ نہیں سکتا۔

(جاری ہے)

انتہائی باوثوق ذرائع کے مطابق امبور حسن آباد 55 لاکھ کی خطیر رقم سے تعمیر ہونے والا فٹبال گراؤنڈ جس کا ٹھیکیدار معروف سیاسی و سماجی رہنما مسلم لیگ نون اور جموں و کشمیر عوامی جائنٹ الیکشن کمیٹی کے کور ممبر انجم زمان اعوان کے بھائی ہیں نے ریاستی خزانے کے ساتھ کھلواڑ کرتے ہوئے گراؤنڈ کی تعمیر میں ناقص مٹیریل استعمال کیا۔

جس کی بارہاء شکایات بھی ہوئیں مگر سیاسی دباؤ کی وجہ سے انہیں کوئی پوچھ نہ سکا۔ سیاسی، سماجی، مذہبی، تجارتی، عوامی، علمی، ادبی حلقوں کے اکابرین اور سول سوسائٹی کے زعماء سمیت عوام علاقہ امبور، حسن آباد و دیگر نے وزیراعظم ازاد کشمیر چوہدری انوار الحق،چیف سیکرٹری آزاد کشمیر دیگر ارباب اختیار اور متعلقہ اداروں کے سربراہان سے مطالبہ کیا ہے کہ امبور حسن آباد فٹبال گراؤنڈ میں ہونے والے گھپلے کو اور ناقص مٹیریل کے استعمال کے بعد صرف تین سال میں گراؤنڈ کی تباہ حالی کے ذمہ داران کا تعین کرتے ہوئے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

انہوں نے مزید مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ فوراً گراؤنڈ کی بہتری تزین و آرائش اور تباہ حالی کو ختم کروانے کے لیے دوبارہ کام کروایا جائے۔