Live Updates

ہمیں بتایا جائے کہ عمران خان نے آپ کا کیا بگاڑا ہے، علیمہ خان

بانی پی ٹی آئی بات چیت کیلئے تیار ہیں کچھ لو اور کچھ دو کیلئے بھی تیار ہیں، ہمیں بتائیں بانی پی ٹی آئی کیا چیز چھوڑ دے کہ آپ رہا کردیں گے؟،ہم بہنیں بیٹھی ہیں ہمیں بتائیں کیا مسئلہ ہے، ہمیں آج تک یہ نہیں پتا چلا کہ آپ کو ہمارے بھائی سے کیا چاہیے،بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ کی میڈیا سے گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 27 مئی 2025 15:40

ہمیں بتایا جائے کہ عمران خان نے آپ کا کیا بگاڑا ہے، علیمہ خان
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27 مئی 2025)بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان کا کہنا ہے کہ ہمیں بتایاجائے کہ عمران خان سے ان کو کیا مسئلہ ہے،ہمارے بھائی نے آپ کو کیا کہا ہے؟، بتایا جائے بانی پی ٹی آئی نے آپ کا کیا بگاڑا ہے،ہمارا بھائی کہہ رہا ہے کہ مجھے ساری زندگی جیل میں رکھیں میں پیچھے نہیں ہٹوں گا،اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹرگوہر اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی بات چیت کیلئے تیار ہیں۔

کچھ لو اور کچھ دو کیلئے بھی تیار ہیں۔ہمیں بتائیں بانی پی ٹی آئی کیا چیز چھوڑ دے کہ آپ رہا کردیں گے؟۔ ہمیں آج تک یہ نہیں پتا چلا کہ آپ کو ہمارے بھائی سے کیاچاہیے۔

(جاری ہے)

آپ پیچھے نہ بیٹھیں سامنے آ کر بیٹھیں ہم تیار ہیں۔جو کاز لسٹ سے نام نکلوا رہے ہیں ان سے میں کہنا چاہوں گی کہ پیچھے سے کام نہ کریں۔ ہم بہنیں بیٹھی ہیں ہمیں بتائیں کیا مسئلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ کس قسم کے لوگ ہیں؟ فرعونیت نہ کہیں تو کیا کہیں؟ آپ ممبران پارلیمنٹ کو نہ دھمکائیں۔آئے روز ہمارے ممبران کو دھمکیاں دی جاتی ہیں۔ ہمیں دھمکی آتی ہے کہ آپ کا ایکسیڈنٹ ہو جائے گا۔ ہم نہیں ڈر رہے۔ علیمہ خان نے کہا کہ ممبران قومی اسمبلی و صوبائی اسمبلی یہاں آئے ہیں انہوں نے ہماری فیملی کا ساتھ دیا ہے اور ہمارے ساتھ یکجہتی کااظہار کیاہے۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف تمام مقدمات جھوٹے ہیں۔بانی پی ٹی آئی بے بنیاد مقدمات میں قیدکی صعوبتیں برداشت کررہے ہیںاس لئے ان کے مقدمات میں انصاف کریں اور جلد فیصلے دیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان کا مزید کہنا تھا کہ ہم عدالتوں کی مجبوری سمجھتے ہیں۔ ہم عدلیہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہم 26 ویں آئینی ترمیم کے خلاف تھے اور رہیں گے۔

علیمہ خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بیرسٹر گوہر سے پوچھیں اگر ان کے پاس کوئی خوشخبری ہے تو ہمیں بھی بتا دیں۔پیچھے بیٹھ کر ججز کو نہ دھمکائیں۔ہمیں اب تک پتہ ہی نہیں چلا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے ان کاکیا بگاڑا ہے۔آپ ہمارے ساتھ بیٹھ کر بات کریں۔بانی پی ٹی آئی قوم اور ہمارے بچوں کی جنگ لڑ رہا ہے۔ عدلیہ سے درخواست ہے کہ انصاف کریں اور جلد فیصلے کریں۔ ہماری تحریک جاری ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات