گ*رحمت للعالمین انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی توسیع، سینٹر آف ایکسیلنس کا افتتاح

پنجاب سوشل سکیورٹی، امریکہ کے عالمی شہرت یافتہ طبی ادارے جان ہاپکنز اور نارتھ امریکہ کی ایسوسی ایشن ک*آف پاکستانی ڈیسنٹ کارڈیالوجسٹس (APCNA) کے درمیان ایک تاریخی معاہدے پر بھی دستخط

منگل 27 مئی 2025 19:30

<لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مئی2025ء) رحمت للعالمین انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی، لاہور کی توسیع اور جدید ’’سینٹر آف ایکسیلنس‘‘ برائے رہیومیٹک ہارٹ ڈیزیز کا افتتاح صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کیا۔ اس شاندار تقریب کا انعقاد سوشل سکیورٹی رحمت للعالمین انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور میں کیا گیا جہاں وزیر لیبر فیصل ایوب کھوکھر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

تقریب میں سیکریٹری لیبر نعیم غوث، کمشنر سوشل سکیورٹی محمد علی، سوشل سکیورٹی و لیبر کے افسران، ہسپتال انتظامیہ اور دیگر ڈاکٹر صاحبان بھی موجود تھے۔ اس موقع پر پنجاب سوشل سکیورٹی امریکہ کے عالمی شہرت یافتہ طبی ادارے جان ہاپکنز اور نارتھ امریکہ کی ایسوسی ایشن آف پاکستانی ڈیسنٹ کارڈیالوجسٹس (APCNA) کے درمیان ایک تاریخی معاہدے پر بھی دستخط کیے گئے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر فیصل ایوب کھوکھر نے جان ہاپکنز جیسے عالمی معیار کے ادارے کے ساتھ اشتراک کو ایک خوش آئند اقدام قرار دیا اور کہا کہ یہ سن کر خوشی ہوئی ہے کہ جان ہاپکنز پاکستان میں اپنے تعاون کے لیے آ رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے وزیراعلیٰٰ پنجاب مریم نواز کو اس پیشرفت سے آگاہ کیا ہے اور اس امر پر زور دیا کہ جان ہاپکنز جیسے مہنگے ادارے کے ساتھ شراکت سے وہ سہولیات محنت کش طبقے کے لئے دستیاب ہوں گی جو عام طور پر صرف بہت امیر لوگ ہی برداشت کر سکتے ہیں۔

وزیر محنت نے کہا کہ پیسی کے ہسپتالوں میں رجسٹرڈ مریضوں کا بالکل مفت علاج کیا جائے گا۔ وزیر محنت فیصل ایوب نے بتایا کہ ڈیفنس روڈ لاہور پر قائم ہونے والا یہ سینٹر آف ایکسیلنس جان ہاپکنز کے تعاون سے، 100 بستروں پر مشتمل ہوگا اور بچوں کے دل کے امراض کی تشخیص و علاج کے لیے ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ رہیومیٹک ہارٹ ڈیزیز پروگرام کا آغاز بھی کیا جا رہا ہے جس کے تحت ورکرز ویلفیئر اسکولوں کے 47 ہزار بچوں کی ابتدائی اسکریننگ کی جائے گی تاکہ بروقت تشخیص و علاج کے ذریعے ہزاروں بچوں کو دل کی بیماریوں سے بچایا جا سکے۔

وزیر محنت نے ڈاکٹر فیاض ہاشمی کی کلینیکل و تعلیمی معاونت پر ان کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ وہ آج کی تقریب کے مہمان خصوصی ہیں۔ سیکریٹری لیبر نعیم غوث نے اس منصوبے کو ہیلتھ کیئر کے شعبے میں انقلابی تبدیلی قرار دیا اور کہا کہ پنجاب سوشل سکیورٹی 12 لاکھ سے زائد مزدوروں اور ان کے 84 لاکھ سے زائد اہل خانہ کو اعلیٰ معیار کی طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ کمشنر سوشل سکیورٹی محمد علی نے بتایا کہ جان ہاپکنز اور APCNA کے تعاون سے سوشل سکیورٹی کے ڈاکٹرز کی استعداد کار میں اضافہ ہوگا اور ان کے لئے امریکہ میں تین ماہ کے فیلوشپ پروگرامز کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے رحمت للعالمین انسٹی ٹیوٹ کے سٹاف کے لئے 70 فیصد الاؤنس دینے کا اعلان بھی کیا۔