Live Updates

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اقتصادی امور کا اجلاس ، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل پر زور

منگل 27 مئی 2025 21:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2025ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اقتصادی امور کو بتایا گیا ہے کہ تقریباً 400 ارب روپے کی غیر ملکی معاونت سے جاری منصوبوں کی رفتار میں نمایاں اضافہ ہوگا، کمیٹی نے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل پر زور دیتے ہوئے جاری منصوبوں کے لیے مناسب فنڈزکی فراہمی کی ہدایت کی۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اقتصادی امور کا اجلاس منگل کویہاں چئیرمین کمیٹی محمد عاطف کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں وفاقی ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل پر زور دیا گیا اور جاری منصوبوں کے لیے مناسب فنڈزکی فراہمی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا تاکہ فنڈز کے مؤثر استعمال کو یقینی بنایا جا سکے اور ترقیاتی کاموں میں تاخیر سے بچا جا سکے۔

(جاری ہے)

وزارت اقتصادی امور نے کمیٹی کو بتایا کہ تقریباً 400 ارب روپے کی غیر ملکی امداد متوقع ہے جس سے جاری منصوبوں کی رفتار میں نمایاں اضافہ ہوگا۔

اجلاس میں پاکستان کی ایشیائی ترقیاتی بینک اور عالمی بینک کے ساتھ جاری کنٹری پارٹنرشپ اسٹریٹیجی کابھی جائزہ لیاگیا۔ کمیٹی نے مالیاتی نظم و ضبط پر زور دیتے ہوئے قرضوں کی ادائیگی کی واضح حکمت عملی بنانے کی ہدایت کی اور قرضہ جات کی شرح کو جی ڈی پی کے مقابلے میں کم کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ طویل المدتی معاشی استحکام حاصل کیا جا سکے۔

اجلاس میں ملک کے توانائی کے شعبے کابھی جائزہ لیاگیا۔ کمیٹی نے نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کی کارکردگی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی پیدا شدہ بجلی کو مکمل طور پر استعمال کرنے میں ناکام ہے جس کے باعث حکومتی اخراجات میں اضافہ ہو رہا ہے۔کمیٹی کے اراکین نے گزشتہ 20 سے 30 سالوں میں توانائی کے منصوبوں میں درپیش مسائل پر روشنی ڈالی اور مطالبہ کیا کہ ان ناکامیوں کا جامع جائزہ لیا جائے اور اس حوالہ سے اقدامات کیے جائیں۔

اس سلسلے میں اگلے اجلاس میں متعلقہ حکام سے تفصیلی بریفنگ طلب کی گئی ہے، جس میں توانائی کے شعبے کی خرابیوں کی وجوہات اور ان کے قابل عمل حل پیش کیے جائیں گے۔ اجلاس میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری پر بھی بحث ہوئی، کمیٹی نے نجکاری کے عمل میں شفافیت اور مؤثریت کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا تاکہ ماضی کی غلطیوں کو نہ دہرایا جائے۔

سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن نے کمیٹی کو یقین دہانی کرائی کہ سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی اورایکنیک سے مطلوبہ منظوری کی صورت میں توانائی کے منصوبوں کے لیے فنڈز بروقت جاری کیے جائیں گے۔اجلاس میں اراکین قومی اسمبلی محمد عاطف، محمد خان ڈاھا، عمار احمد خان لغاری، زہرا ودود فاطمی، اختر بی بی، ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ، محمد جاوید حنیف خان، شاندانہ گلزار خان، شیر علی ارباب، نسیم علی شاہ اور محمد احمد چٹھہ شامل نے شرکت کی۔ اجلاس میں سیکرٹری اقتصادی امور اور وزارت منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات کے افسران بھی شریک ہوئے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات