یومِ تکبیر ہماری قومی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی امن کے فروغ کے عزم کی علامت ہے،یومِ تکبیر 28 مئی 2025 کے موقع پر وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کا پیغام

بدھ 28 مئی 2025 01:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2025ء) وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ آج کے دن ہم یومِ تکبیر کی تاریخی مناسبت سے اُس عظیم لمحے کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جب پاکستان نے 1998 میں ایٹمی تجربات کے ذریعے نہ صرف اپنی دفاعی صلاحیت کا اظہار کیا بلکہ اسلامی دنیا کی پہلی ایٹمی قوت بن کر تاریخ رقم کی۔

(آج) بدھ کو یوم تکبر کے موقع پر جاری پیغام میں اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ یومِ تکبیر ہماری قومی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی امن کے فروغ کے عزم کی علامت ہے۔ یہ کامیابی پوری قوم کے اتحاد، استقامت اور ثابت قدمی کا مظہر ہے جو قیادت کے مضبوط وژن اور عوام کے بھرپور اعتماد سے ممکن ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ سنگِ میل اُن قائدین کی دور اندیشی اور جرات مندانہ فیصلوں کا ثمر ہے جنہوں نے قومی مفاد کو ہمیشہ مقدم رکھا۔

(جاری ہے)

اس عظیم سفر کا آغاز وزیرِاعظم ذوالفقار علی بھٹو شہید کے وژن سے ہوا اور اس کی تکمیل منتخب وزیرِاعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ہوئی۔ قوم دونوں رہنماؤں کو سلام پیش کرتی ہے جن کی قیادت نے پاکستان کو ناقابلِ تسخیر دفاع عطا کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ یومِ تکبیر ہمیں اس بات کا بھی یاددہانی کراتا ہے کہ ہم ایک ایسے پاکستان کی تعمیر کی طرف گامزن رہیں، جو انصاف، مساوات، باہمی احترام اور انسانی حقوق کے اصولوں پر مبنی ہو۔پاکستان زندہ و پائندہ باد۔