ٹرمپ کا نیتن یاھو کو ایران سے مذاکرات میں رخنہ ڈالنے سے باز رہنے کا مشورہ

بدھ 28 مئی 2025 14:24

ٹرمپ کا نیتن یاھو کو ایران سے مذاکرات میں رخنہ ڈالنے سے باز رہنے کا ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2025ء)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کو ٹیلیفون پر خبردار کیا ہے کہ وہ ایسا کوئی قدم نہ اٹھائیں جو واشنگٹن اور تہران کے درمیان جاری جوہری معاہدے سے متعلق مذاکرات کو خطرے میں ڈال دے۔ یہ انکشاف امریکی ویب سائٹ نے وائٹ ہائوس کے ایک اعلی عہدیدار کے حوالے سے کیا ۔

عہدیدار کے مطابق صدر ٹرمپ اور دیگر سینئر امریکی حکام حالیہ ہفتوں میں اس اندیشے کا اظہار کر چکے ہیں کہ اسرائیل ایران کی جوہری تنصیبات پر حملہ کر سکتا ہے یا کوئی اور ایسا اقدام اٹھا سکتا ہے جو ان مذاکرات کی راہ میں رکاوٹ بنے۔ذرائع کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ نے بنجمن نیتن یاھو کو پیغام دیا کہ وہ اس وقت کشیدگی نہ بڑھائیں جب وہ خود ایک پرامن حل تلاش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اس گفتگو کا پس منظر واشنگٹن میں اسرائیلی سفارت خانے کے دو ملازمین کی ہلاکت کا واقعہ تھا، جس کے بعد یہ رابطہ کیا گیا۔ٹرمپ نے نیتن یاھو کو یقین دہانی کرائی کہ اگر سفارتی حل ناکام ہوتا ہے تو دوسرا راستہ اب بھی موجود ہے، تاہم ان کی اولین ترجیح یہ ہے کہ بات چیت کے ذریعے کسی حل تک پہنچا جائے۔امریکی حکام میں یہ خدشہ بھی پایا جاتا ہے کہ نیتن یاھو صدر ٹرمپ کی پیشگی منظوری کے بغیر بھی فوجی کارروائی کا حکم دے سکتے ہیں۔