یوم تکبیر صرف "نعرہ تکبیر" بلند کرنے کا نہیں بلکہ "فکرِ تکبیر" پیدا کرنے کا دن بھی ہے، صوبائی وزیر تعلیم

بدھ 28 مئی 2025 15:33

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2025ء) وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ 28 مئی 1998 سے شروع ہونے والا ایٹمی قوت بننے کا سفر دنیا کو 10 مئی 2025 کو سمجھ آیا۔ آج سب کو باور ہو گیا کہ 1998 کی سیاسی لیڈرشپ اور آرمڈ فورسز نے کیا کیا مشکلات برداشت کر کے اتنا بڑا قدم اٹھایا اور 5 بلین کو ٹھکرا کر ملک کو ایٹمی قوت بنایا۔ انہوں نے کہا کہ یوم تکبیر صرف "نعرہ تکبیر" بلند کرنے کا نہیں بلکہ "فکرِ تکبیر"پیدا کرنے کا دن بھی ہے۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ ایٹمی پاکستان کی وجہ سے ہی آج مودی پاکستان سے ڈرتا اور دنیا پاکستان کی عزت کرتی ہے۔ یوم تکبیر کے حوالے سے اپنے بیان میں رانا سکندر حیات نے کہا کہ یہ دن ہمیں وہ لمحہ یاد دلاتا ہے جس نے پاکستان کو خودمختاری، سلامتی اور سائنسی میدان میں سرخرو کیا۔

(جاری ہے)

وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ ہم چاہتے ہیں طلبہ ماضی پر فخر کے ساتھ ساتھ مستقبل میں ملک کے محافظ اور معمار بننے کا عزم بھی کریں۔

اسی مناسبت سے نئی نسل کو یوم تکبیر کی اصل روح سے روشناس کروانے کیلئے تعلیمی اداروں میں آج مختلف سرگرمیوں کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 28 مئی کی سرگرمیاں نئی نسل کو ملک کے دفاعی پس منظر سے جوڑنے میں معاونت کریں گی۔ رانا سکندر حیات نے ملک کو ایٹمی قوت بنانے پر میاں نواز شریف اور آرمڈ فورسز سے اظہار تشکر کرتے ہوئے قوم کو یوم تکبیر کی مبارکباد بھی دی ہے۔