Live Updates

یوم تکبیر عالم اسلام کیلئے امید کی کرن اور ہمارا اعزاز ہے،چوہدری نعیم اختر

یوم تکبیر قومی توقیر، بہادری، غیرت و عزم سے جینے اور ہمارے خوابوں کی تعبیر کا دن ہے

بدھ 28 مئی 2025 16:37

پیرس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2025ء)چیئرمین جموں وکشمیر فورم فرانس چوہدری نعیم اختر نے کہا ہے کہ یوم تکبیر قومی توقیر، بہادری، غیرت و عزم سے جینے اور ہمارے خوابوں کی تعبیر کا دن ہے،یوم تکبیر صرف پاکستان اور کشمیر کیلئے نہیں بلکہ سارے عالم اسلام کیلئے امید، حوصلے اور فخر کا دن ہے۔ اس دن ہم اس عزم کی تجدید کرتے ہیں کہ وطن کے دفاع، سلامتی اور ترقی کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

یوم تکبیر کے موقع پر اپنے خصوصی بیان میں چوہدری نعیم اختر نے کہا کہ یوم تکبیر عالم اسلام کیلئے امید کی کرن اور ہمارا اعزاز ہے۔اللہ رب العزت نے ہم پر کرم کیا، ہم نے دن رات محنت کی اور یکجان ہو کر ایمان عزت اور ریاست کے تحفظ کا فیصلہ کیا۔ انہوں نیکہا کہ کشمیر کا بچہ بچہ اور ہر پیر و جوان پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے اور یومِ تکبیر کی کامیابی میں خود کو شریک سمجھتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ یومِ تکبیر کی روح کو سمجھیں، قومی اتحاد، یکجہتی اور ترقی کے سفر میں اپنا فعال کردار ادا کریں، تاکہ ہم ایک مضبوط، پرامن اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کر سکیں۔انھوں نے کہا کہ ایک مرتبہ پھر قوم کو 28 مئی 1998ئوالے جذبے اور ولولے کی ضرورت ہے، قوم کو متحد ہوکر افواج پاکستان کے شانہ بشانہ دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملانے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کو آپریشن بنیان مرصوص میں کرارا جواب دینے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں مسلح افواج پاکستان ہماری ریڈ لائن ہے مسلح افواج پاکستان دنیا کی نمبر ون فوج ہے ہمیں اپنی مسلح افواج پر فخر ہے ان شاء اللہ بہت جلد مقبوضہ جموں وکشمیر کے کشمیریوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور مقبوضہ جموں وکشمیر آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ بنے گا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات