محکمہ کیو ڈی اے کا ہزارگنجی کمرشل زون کے حوالے سے فیصلہ خوش آئند ہے، مرکزی انجمن تاجران بلوچستان

بدھ 28 مئی 2025 22:36

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مئی2025ء) مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کے رہنماوں نے کہا ہے کہ محکمہ کیو ڈی اے نے حالیہ گورننگ باڈی میں جو فیصلے کیے ہیں خصوصا ہزارگنجی کمرشل زون کے حوالے سے ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور ایسے فیصلے یقینا داد کے مستحق ہیں۔ان خیالات کا اظہار مرکزی انجمن تاجران بلوچستان(رجسٹرڈ)ہزارگنجی کمرشل زون کے صدرسیدعبدالخالق آغا،حاجی صدر کاکڑ،عبدالسلام بادینی،حاجی نقیب کاکڑ،میر شاہ کریم مینگل،نجیب خان کاکڑ،حاجی مرتضی خان نورزئی،عمرالدین خان کاکڑ، عامر بنگلزئی،محمد رمضان بڑیچ،حاجی زمان اچکزئی،حاجی موسی لالا اور آل بلوچستان ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن ہزارگنجی زون کے صدر سیدحجت اللہ آغا نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عرصہ دراز سے ہزارگنجی کمرشل زون کے تاجروں اور باسیوں کے کان ترس گئے تھے کسی خوش خبری سننے کیلئے جو آج محکمہ کیو ڈی اے کے حالیہ گورننگ باڈی کے بعد خوشخبریوں کا سلسلہ شروع ہوا ہے جس میں پہلی خوش خبری ہزارگنجی کمرشل زون کے پلاٹوں پر این یو ایف ٹیکس میں بے انتہا کمی کی صورت میں کی گئی ہے اور اسکے ساتھ ساتھ نئے کمرشل پروجیکٹ اور الاٹیوں کو مزید سہولیات دینا اور آسانیاں پیدا کی گئی ہے جو کہ انتہائی قابل ستائش اقدامات ہیں جن کی جتنی بھی تعریف کی جائے وہ کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارہی درخواست پر جو کچھ عرصہ پہلے ہم نے محکمہ کیو ڈی اے کے اعلی حکام کو دی تھی جس کے بعد سیکرٹری کیو ڈی اے نے ہزارگنجی زون کے تاجروں کی ایک میٹینگ بلائی اور اس کے بعد ڈی جی کیو ڈی اے عسکر خان نے ہم تاجروں سے ایک تفصیلی میٹینگ کی اور ہماری تجاویز اور شکایت سنی اور ہمارہی انہی تجاویز کو گورننگ باڈی کی میٹنگ میں لے کر گئے اور آج گورننگ باڈی کی میٹنگ کے بعد باقاعدہ طور پر ان تجاویز کو عملی جامہ پہنایا جارہا ہے جس پر ہم مرکزی انجمن تاجران بلوچستان(رجسٹرڈ)ہزارگنجی زون محکمہ کیو ڈی اے کے چیئرمین اسفندیار خان کاکڑ،ڈی جی کیو ڈی اے جناب عسکر خان اور سیکرٹری کیو ڈی اے عبدالناصر کاکڑ کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرتے ہیں اور مستقبل میں بھی ہم ہزارگنجی کمرشل زون کے تاجروں کا تعاون ان کیساتھ جارہی رہے گا۔