یومِ تکبیر پر پاکستان اپنے دفاع اور خطے میں استحکام کے عزم کی تجدید کرتا ہے، معاون خصوصی فہد ہارون

بدھ 28 مئی 2025 20:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2025ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ڈیجیٹل میڈیا فہد ہارون نے کہا ہے کہ یومِ تکبیر کے موقع پر پاکستان اپنے دفاع اور خطے میں استحکام کے غیر متزلزل عزم کی تجدید کرتا ہے، یہ دن پاکستان کی تاریخ میں ایک اہم موڑ کی نشاندہی کرتا ہے جب ملک نے ایک اعلانیہ جوہری طاقت کے طور پر اپنا مقام مستحکم کیا۔

یوم تکبیر پر اپنے پیغام میں انہوں نے پاکستان کے سائنسدانوں، مسلح افواج اور عوام کے عظیم جذبے کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہاکہ یہ دن پاکستان کے ناقابلِ تسخیر عزم کی یاد دہانی کراتا ہے۔ یہ دن ہمارے سائنسدانوں اور ہمارے عوام اورہماری افواج کی عظمت کو سلام پیش کرتا ہے ، جو ہمارے محافظ ہیں اور جن کی یکجہتی ہمیشہ ہماری طاقت رہی ہے،انہوں نے ناممکن کو ممکن بنایا ۔

(جاری ہے)

معاون خصوصی فہد ہارون نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی جوہری صلاحیت جسے بصیرت آمیز قیادت کی رہنمائی ملی ، اس کا کبھی بھی انتخاب جارحیت نہیں رہا بلکہ قابل اعتماد ڈیٹرنس اس کا نظریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اجتماعی عزم نے مشکلات کو طاقت میں بدل دیا جن لوگوں نے ہماری ہمت کو آزمایا ان کے تمام اندازے غلط ثابت ہوئے اور ہمارے عوام کے لیے میرا پیغام ہے کہ پرسکون نیند سوئیں کیونکہ آپ کے محافظ ہمیشہ چوکس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خودمختاری صرف ایک سرخ لکیر نہیں بلکہ ایک مضبوط قلعہ ہے، آج ہم پرعزم ہیں، ہم ہمیشہ کے لیے ناقابل تسخیر ہیں ۔