غنڈہ ایکٹ سے کسی کو بھی بیان دینے پر گرفتار کرلیا جائے گا

غنڈوں کو غنڈہ ایکٹ نہیں بنانے دیں گے، یہ انگریزوں کا قانون دوبارہ لانے کی کوشش ہے، مریم نواز حکومت کے مجوزہ غنڈہ ایکٹ سے متعلق اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی کا انکشاف

muhammad ali محمد علی بدھ 28 مئی 2025 21:12

غنڈہ ایکٹ سے کسی کو بھی بیان دینے پر گرفتار کرلیا جائے گا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 مئی2025ء) اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی نے انکشاف کیا ہے کہ غنڈہ ایکٹ سے کسی کو بھی بیان دینے پر گرفتار کرلیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف احمد خان بھچر نے نے مریم نواز حکومت کے مجوزہ غنڈہ ایکٹ سے متعلق اہم انکشاف کیا ہے۔ پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف نے کہا ہے کہ غنڈوں کو غنڈہ ایکٹ نہیں بنانے دیں گے، یہ انگریزوں کا قانون دوبارہ لانے کی کوشش ہے ،غنڈہ ایکٹ سے انگریز کی کالونیز والی سوچ پروان چڑھ رہی ہے، غنڈہ ایکٹ کا مطلب کسی کو بھی بیان دینے پر گرفتار کرلیا جائے گا۔

پنجاب حکومت کیسے شناختی کارڈ ،پاسپورٹ یا بنیادی انسانی حقوق چھین سکتی ہیں؟ غنڈہ ایکٹ پر سزائوں کے لئے ریٹائرڈ سیشن ججوں اور ڈپٹی کمشنرز کو ذمہ داریاں تفویض کی جائیں گی ،آپ عوام کو غلام بنانا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

آپ نے اساتذہ کی بے حرمتی کی، پیرامیڈیکس ،ڈاکٹرز کسانوں کو برباد کیا ،اب آپ غنڈہ ایکٹ بنانے جا رہی ہیں۔ جبکہ اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے بھی مجوزہ غنڈہ ایکٹ کے حوالے سے اپنے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ میں پولیس کو ایسے اختیارات دینے کے خلاف ہوں اور اس کے خلاف اپنا کردار ادا کروں گا ، میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے پاس بھی جائوں گا اور جو یہ بل لارہے ہیں ان سے بھی بات کروں گا۔