9 مئی واقعات میں 10کروڑ 68لاکھ سے زائد کا نقصان‘ رپورٹ

لاہور میں 9مئی کے واقعات میں پولیس اور رینجرز کی 21گاڑیاں تباہ ہوئیں

جمعرات 29 مئی 2025 16:08

9 مئی واقعات میں 10کروڑ 68لاکھ سے زائد کا نقصان‘ رپورٹ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2025ء) لاہور میں نو مئی کے واقعات میں سرکاری املاک کو پہنچنے والے نقصانات کی تفصیلات سامنے آگئیں ۔ نجی ٹی وی کے مطابق دستاویزات کے مطابق 9 مئی واقعات میں کیمروں، سرکاری گاڑیوں اور ٹریفک سگنلز کی مد میں مجموعی طور پر 10کروڑ 68لاکھ 7ہزار 900روپے کا نقصان کیا گیا، لاہور میں 9مئی کے واقعات میں پولیس اور رینجرز کی 21گاڑیاں تباہ ہوئیں۔

شہر کے 9تھانوں کی حدود میں 9مئی کو درجنوں سرکاری گاڑیاں توڑی گئیں، 9مئی کے واقعات میں سرکاری گاڑیوں کو 8کروڑ 22لاکھ 7ہزار 500روپے کی مالیت کا نقصان پہنچایا گیا۔دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ 9مئی کے پرتشدد واقعات میں جناح ہائوس کے قریب رینجرز کے سنگل کیبن ڈالے سمیت 12گاڑیوں میں توڑپھوڑ کی گئی، ٹریفک سگنلز اور آلات کو 53لاکھ 5 ہزار کا نقصان پہنچایا گیا، پر تشدد مظاہروں میں سیف سٹی کے کیمروں کو ایک کروڑ 41لاکھ 37ہزار 500روپے کا نقصان ہوا، گرجا چوک کینٹ میں 25لاکھ 62ہزار 300روپے مالیت کے کیمروں کو نقصان پہنچایا گیا۔

(جاری ہے)

دستاویزات میں مزید بتایا گیا ہے کہ نو مئی واقعات میں شیر پائو پل کے قریب 5لاکھ 18ہزار مالیت کے کیمروں کو نقصان پہنچایا گیا، قرطبہ چوک، جیل روڈ، شالیمار چوک پر بھی 5لاکھ 18روپے کی سرکاری املاک کو نقصان پہنچا۔