Live Updates

سیاحوں کا رش؛ ناران سے بابو سر ٹاپ سفر کیلئے اوقات کار جاری کردئیے گئے

بابو سر ٹاپ اور گٹی داس کے مختلف مقامات پر حالیہ دنوں میں ہونے والی برفباری سے سڑک انتہائی پھسلن کا شکار ہے

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 29 مئی 2025 14:29

سیاحوں کا رش؛ ناران سے بابو سر ٹاپ سفر کیلئے اوقات کار جاری کردئیے گئے
بالاکوٹ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 مئی 2025ء ) سیاحوں کے رش باعث ناران سے بابو سر ٹاپ سفر کیلئے اوقات کار جاری کردئیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں موسم گرما کی تعطیلات کے باعث شمالی علاقہ جات اور سیاحتی مقامات پر ان دنوں سیاحوں کا رش دیکھا جارہا ہے جس کے باعث انتظامیہ نے ناران سے بابو سر ٹاپ سفر کیلئے اوقات کار جاری کیے ہیں، اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سیاح صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک ناران سے بابو سر ٹاپ کیلئے سفر کرسکتے ہیں، شام 6 بجے کے بعد ناران سے آگے تاحکم ثانی سڑک کو بند رکھا جائے گا۔

ضلعی انتظامیہ مانسہرہ اور ڈسٹرکٹ پولیس نے کہا کہ یہ اقدام شہریوں کی حفاظت اور سفری سہولت کو مدِنظر رکھتے ہوئے اٹھایا گیا ہے تاکہ شام کے اوقات میں ممکنہ خطرات سے بچاؤ یقینی بنایا جا سکے، اس کے ساتھ ساتھ شہریوں کو مطلع کیا جاتا ہے کہ بابو سر ٹاپ اور گٹی داس کے مختلف مقامات پر حالیہ دنوں میں ہونے والی برفباری سے سڑک انتہائی پھسلن کا شکار ہے، ڈرائیوروں سے گزارش ہے کہ وہ انتہائی احتیاط سے گاڑی چلائیں، گاڑیوں کی مکمل تیاری کے ساتھ سفر کریں اور تیز رفتاری سے گریز کریں، سیاح سفر سے قبل موسم اور سڑک کی صورتحال سے ضرور آگاہی حاصل کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مانسہرہ پولیس یا ضلعی انتظامیہ سے فوری رابطہ کریں۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ پاکستان سٹوڈنٹس اولمپک ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام تین روزہ نیشنل کوچنگ کورس 26 جون سے بٹہ کنڈی، ناران میں شروع ہوگا، کورس کی تیاریاں ابھی سے شروع کردی گئی ہیں اور کورس میں ملک بھر سے مختلف کھیلوں کے کھلاڑی، کوچز اور تعلیمی اداروں کے سپورٹس ٹیچرز حصہ لے سکتے ہیں، تین روزہ کورس میں تھروبال، کیچ بال، روپ سکیپنگ، پیکل بال پر لیکچرز اور پریکٹس کروائی جائے گی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات