ٹائلز انڈسٹری کیلئے قائم کمیٹی کا اجلاس، ہارون اختر خان کاپیداواری صنعتوں جیسے ٹائلز سیکٹر کو مراعات فراہم کرنے کی ضرورت پر زور

جمعرات 29 مئی 2025 16:47

اسلام آبا د(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2025ء)وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر نے پیداواری صنعتوں جیسے ٹائلز سیکٹر کو مراعات فراہم کرنے کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے کہاہے کہ ہماری صنعتیں بند ہو رہی ہیں؛ ہمیں انہیں بچانا ہوگا اور ترقی کے راستے پر گامزن کرنا ہوگا۔وزارت صنعت و پیداوار نے ٹائلز انڈسٹری کی ترقی کیلئے قائم کردہ کمیٹی کا دوسرا اجلاس وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر خان کی زیر صدار ت منعقد ہوا جس میں ہارون اختر خان نے ٹائلز انڈسٹری اور انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ کی جانب سے پیش کی گئی پیش رفت کی رپورٹس کا تفصیلی جائزہ لیا۔

انہوں نے زور دیا کہ ٹائلز انڈسٹری کو بند نہیں ہونے دینا چاہیے کیونکہ یہ ملکی معیشت کے لیے انتہائی اہم ہے،2018 سے پہلے ٹائلز پر 55 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی عائد تھی، جس کے باعث سالانہ تقریباً 215 ملین امریکی ڈالر مالیت کے ٹائلز درآمد کیے جاتے تھے۔

(جاری ہے)

اعلامیہ کے مطابق موجودہ دور میں یہ صنعت خطے کے دیگر بڑے ٹائلز بنانے والے اور برآمد کنندگان کے مقابلے میں شدید لاگت کے مسائل کا سامنا کر رہی ہے،پیداوار کی لاگت 72 فیصد بڑھ گئی ہے، جس کی بڑی وجہ قدرتی گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ہے۔

ہارون اختر خان نے پیداواری صنعتوں جیسے ٹائلز سیکٹر کو مراعات فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ان کی ترقی اور پائیداری کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کے اس واضح وڑن کو بھی دہرایا کہ برآمدات میں اضافہ کیا جائے اور درآمدات پر انحصار کم کیا جائے۔انہوںنے کہاکہ ہماری صنعتیں بند ہو رہی ہیں؛ ہمیں انہیں بچانا ہوگا اور ترقی کے راستے پر گامزن کرنا ہوگا۔کمیٹی نے ٹائلز انڈسٹری کو درپیش چیلنجز کو حل کرنے کے لیے کوششیں جاری رکھنے اور ایسی پالیسیوں کی حمایت کرنے پر اتفاق کیا جو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر اس کی مسابقت کو بڑھائیں۔