وزیر اعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب کے 66شہروں میں نئے مالی سال سے سکیمیں شروع کرنے کا فیصلہ

جمعرات 29 مئی 2025 17:34

وزیر اعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب کے 66شہروں میں نئے مالی سال ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2025ء) وزیراعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب کے 66شہروں میں نئے مالی سال کے آغاز سے ترقیاتی سکیمیں شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس ضمن میں وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں ہونے والے ویڈیو لنک اجلاس کے دوران چیف منسٹر سٹیز ڈویلپمنٹ پروگرام کے حوالے سے ہدایات جاری کی گئیں۔

سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں، ایڈیشنل سیکرٹری احمر کیفی، پی ایم ڈی ایف سی کے ایم ڈی اور مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے بھی شرکت کی۔وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے ہدایت کی کہ متعلقہ ڈپٹی کمشنرز لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے ماڈل کو سامنے رکھ کر چلیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سٹیز ڈویلپمنٹ پروگرام کیلئے تکنیکی ماہرین کے سوا اضافی بھرتی نہیں ہوگی اور دستیاب انسانی وسائل کو ہی بروئے کار لایا جائے گا، محکمہ بلدیات پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے اشتراک سے یہ میگا پراجیکٹ مکمل کرے گا۔

(جاری ہے)

ذیشان رفیق نے بتایا کہ اگلے مرحلے میں مزید 110شہروں کو پروگرام میں شامل کیا جائے گا، ہر شہر میں کچی گلیوں کی سو فیصد پختہ تعمیر یا مرمت ہوگی، رابطہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے ساتھ سیوریج کا جامع نظام لایا جائے گا۔انہوںنے کہا کہ متعلقہ میونسپل اداروں کو پی سی ون کی نقول بھجوا دی گئی ہیں، ڈپٹی کمشنرز پی سی ون پر تجاویز دے کر جولائی سے ٹینڈرنگ کا آغاز کریں۔

انہوں نے کہا کہ سٹیئرنگ کمیٹی میں ڈپٹی کمشنرز کو بھی رکن بنایا گیا ہے، پروگرام کے تحت ڈسپوزل سٹیشنوں کو سولرائزڈ بنایا جائے گا، سیوریج کے مسائل 2050تک کی آبادی کی ضرورت کو سامنے رکھ کر حل کریں گے۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ ماضی میں شہروں میں جزوی سکیمیں مکمل کی گئی تھیں، پہلی بار سینی ٹیشن کا اینڈ ٹو اینڈ سولوشن دیا جائے گا، برساتی پانی کے نکاس کے علاوہ سٹوریج ٹینک بھی بنائے جائیں گے، پارکوں کی بحالی بھی پراجیکٹ میں شامل ہے۔

وزیر بلدیات نے ہدایت کی کہ منصوبے کی ٹائم لائن پر عملدرآمد کے ساتھ شفافیت کا لازمی خیال رکھا جائے۔اس موقع پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب شکیل احمد میاں نے کہا کہ پروگرام میں ای ٹینڈرنگ اور ڈیجیٹل پیمنٹ کا طریقہ نافذ کیا جائے،ڈپٹی کمشنرز اس چیلنج سے عوامی خدمت کے جذبے سے نبرد آزما ہوں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ گلیوں کی تعمیر سے پہلے سوئی گیس، بجلی کمپنیاں اور کیبل نیٹ ورک والے ادارے اپنا کام مکمل کرلیں، کام مکمل ہونے پر ضلع انتظامیہ کے این او سی کے بغیر توڑپھوڑ ممنوع ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ محفوظ اور دیرپا سیور پائپ کا استعمال اس پروگرام کا خاص عنصر ہے۔ شکیل احمد میاں نے کہا کہ ایچ ٹی پی لائننگ والے سیور پائپ کے فوائد اگلے 100سال تک رہیں گے۔