پی آئی ٹی بی کا ڈینگی مریضوں کی رپورٹنگ سے متعلق نجی ہسپتالوں کیلئے تربیتی سیشن کا انعقاد

جمعرات 29 مئی 2025 17:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2025ء) پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی جانب سے لاہور میں نجی ہسپتالوں کیلئے ڈینگی مریضوں کی رپورٹنگ سے متعلق دو روزہ تربیتی سیشن کا انعقاد کیا گیا ،جس کا مقصد ہسپتالوں کو بروقت اور درست ڈیٹا رپورٹنگ کیلئے ٹریننگ فراہم کرنا تھا تاکہ صوبہ بھر میں ڈینگی کی موثر نگرانی اور بروقت ردعمل یقینی بنایا جا سکے۔

ترجمان کے مطابق ٹریننگ کے دوران پی آئی ٹی بی کی ٹیکنیکل ٹیم نے ڈینگی رپورٹنگ ماڈیول کا تفصیلی ڈیمو دیا جس میں درست ڈیٹا انٹری، رئیل ٹائم اپڈیٹس اور موثر کیس مینجمنٹ پر زور دیا گیا جبکہ شرکا کو سسٹم کا عملی تجربہ بھی حاصل ہوا جس سے رپورٹنگ کے عمل کو محکمہ صحت کے مقرر ہ اصولوں کے مطابق انجام دیا جا سکے گا۔

(جاری ہے)

ٹریننگ کا اختتام سوالات و جوابات کے سیشن پر ہوا جس میں پی آئی ٹی بی پروگرام آفیسر منیب احمد نے درپیش چیلنجز کے حل پیش کئے اور سسٹم کے فیچرز بارے تفصیلات فراہم کیں۔

پی آئی ٹی بی چیئرمین فیصل یوسف نے کہا ہے کہ ڈینگی جیسے امراض کی روک تھام میں بروقت اور درست رپورٹنگ انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکنیکل بورڈ نجی ہسپتالوں کو ڈیجیٹل ٹولز اور تربیت فراہم کر کے ایک مربوط اور شفاف نظام قائم کرنے کیلئے پُرعزم ہے ۔