عصرحاضر میں نوجوان ٹیکنالوجی اور کھیلوں کی دنیا میں پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں، صدرمسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ پنجاب

جمعرات 29 مئی 2025 17:48

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2025ء) سیالکوٹ مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ پنجاب کے صدر طاہر خان لودھی نے کہا کہ آج کے دور میں نوجوان ہنر مند اور باصلاحیت بن کر ابھر رہا ہے، موجودہ حکومت نے نوجوانوں کے لیے مؤثر اقدامات کیے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی دفتر مسلم لیگ ن پیرس روڈ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وفاقی و حکومت پنجاب نے نوجوانوں کے لیے انٹرن شپ ،آسان قرضہ جات اور لیپ ٹاپ سکیموں سمیت بیشتر اقدامات کیے ہیں جس سے نوجوان مستفید ہو رہے ہیں اور آج کے نوجوان تعلیمی،ٹیکنالوجی اور کھیلوں کے میدانوں میں ملک عزیز پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی کی حکومتوں نے نوجوانوں کو نظر انداز کیا نوجوانوں کے خواب ادھورے رہے مگر پاکستان مسلم لیگ ن نے ہمیشہ کی طرح نئی نسل کو جدید استوار پر سہولیات سے مزین کیا۔

(جاری ہے)

شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی صدر یوتھ ونگ اشفاق سپال نے کہا کہ یوتھ ونگ پنجاب اور یو تھ ونگ ڈویژن گوجرانوالہ کی قیادت کے مشکور ہیں کہ وہ ہمارے ضلع میں بہترین تنظیم سازی کے ذریعے نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لیے پروگراموں کا انعقاد کرتے ہیں جس سے نوجوانوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ اجلاس میں جنرل سیکرٹری یوتھ ونگ پنجاب شیخ محمد ریاض، صدر یوتھ ونگ ڈویژن گوجرانوالہ محمد عثمان بیگ، صدر یوتھ ونگ ضلع گوجرانولہ ساجد چھٹی، سٹی صدر یوتھ ونگ احمد سلہری ،نائب صدر یوتھ ونگ ضلع سیالکوٹ ساجد بھٹی سمیت دیگر ضلعی اور ڈویژن کے عہدیداران بھی موجود تھے۔