سیکرٹری ہائر ایجوکیشن جنوبی پنجاب کا دورہ ملتان،مختلف امتحانی مراکز میں سہولیات کا جائزہ لیا

جمعرات 29 مئی 2025 17:48

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2025ء) سیکرٹری ہائر ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر فرخ نوید نے ملتان کے مختلف امتحانی مراکز کا اچانک دورہ کیا جہاں انہوں نے امتحانی عمل، سیکیورٹی، طلبہ کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور عملے کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔اس موقع پر ڈاکٹر فرخ نوید نے امتحانی عملے کو ہدایت کی کہ وہ اپنے فرائض دیانتداری اور پیشہ ورانہ ذمے داری سے ادا کریں تاکہ امتحانات کا انعقاد شفاف اور منظم انداز میں ممکن ہو سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب میرٹ پر مبنی نظام تعلیم کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور اس مقصد کے حصول میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔دورے کے اختتام پر ڈاکٹر فرخ نوید نے سپیشل سیکرٹری ہائر ایجوکیشن جنوبی پنجاب سرفراز احمد سے ملاقات کی جس میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی تعلیمی کارکردگی اور جاری منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈپٹی سیکرٹری سلمان اسلم بھٹی اور سیکرٹری ملتان بورڈ خرم قریشی بھی ان کے ہمراہ تھے۔