انتظامیہ رائے ونڈ عارضی مویشی منڈی میں سہولیات فراہم کرنے میں ناکام

پانی ،روشنی ،سیکورٹی ،واش روم ،پنکھوں سمیت دیگر سہولیات کی عدم فراہمی پر سراپا احتجاج بن گئے

جمعرات 29 مئی 2025 18:21

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2025ء)پنجاب کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی رائے ونڈ عارضی مویشی منڈی میں سہولیات فراہم کرنے میں ناکام ،پانی ،روشنی ،سیکورٹی ،واش روم ،پنکھوں سمیت دیگر سہولیات کی عدم فراہمی پر سراپا احتجاج بن گئے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق رائے ونڈ میں عارضی مویشی منڈی قائم ہوئے تین روز ہو چکے ہیں لیکن بیوپاریوں کو کوئی خاطر خواہ سہولیات فراہم نہیں کی گئیں ،کمپنی انتظامیہ سب اچھا کی رپورٹ دیکر دور دراز سے آنیوالے پردیسی بیوپاریوں کیلئے مشکلات پیدا کررہے ہیں ،عارضی مویشی منڈی میں آنیوالے درجنوں بیوپاریوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ پانی ،روشنی ،سیکورٹی،واش رومز ،جانوروں کیلئے پانی کے حوض سمیت دیگر سہولیات فراہم نہیں کی گئیں ،صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات ہیں ،چند سٹریٹ لائٹس نصب کی گئی ہیں جن کا رخ جانوروں کی بجائے صرف راستوں پر مرکوز کیا گیا ،خریدار وں کو موبائل کی روشنی میں جانور پسند کروانا پڑتا ہے،دیگر منڈیوں میں بیوپاریوں کو گرمی سے بچائو کیلئے پنکھے دئیے گئے ہیں لیکن رائے ونڈ منڈی میں بیوپاریوںکیساتھ ساتھ جانوروں پر مظالم ڈھائے جارہے ہیں روشنی کے غیر مناسب انتظام کی وجہ سے جانور چوری ہونے کا اندیشہ ہے کھلے میدان میں گزشتہ سال سانپ سمیت دیگرموذی حشرارت الارض کے ڈسنے سے جانور ہلاک ہو چکے ہیں،کمپنی نے فرضی کارروائی کرنے کیلئے چند جنریٹر لگا رکھے ہیں لیکن انکو چلا یا نہیں جاتا پنجاب کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی افسران کی غفلت کے باعث منڈی میں ناقص انتظامات کے باعث بیوپاریوں اور خریداروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ،بیوپاریوں نے پنجاب کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی افسران کی بے حسی پر شدید احتجاج کرتے ہوئے تمام سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔