ْمحکمہ بہبود آبادی ،پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر میں ضم ،’’محکمہ صحت و بہبود آبادی‘‘ قائم

جمعرات 29 مئی 2025 18:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2025ء) پنجاب حکومت نے محکمہ بہبود آبادی کو محکمہ پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر میں ضم کر کے ’’محکمہ صحت و بہبود آبادی‘‘ تشکیل دیا۔ اس اقدام کا مقصد وسائل کا موثر استعمال اور آبادی کے مسائل کا جامع حل فراہم کرنا تھا۔اطلاعات کے مطابق نئے مالی سال 2024-25کی سالانہ ترقیاتی پروگرام ( اے ڈی پی میں محکمہ بہبود آبادی کے لیے کوئی نئی اسکیم شامل نہیں کی گئی۔

اس سے یہ تاثر پیدا ہوا ہے کہ انضمام کے بعد محکمہ بہبود آبادی کی اہمیت کم ہو گئی ہے۔اگرچہ حکومت نے ’’چیف منسٹر پاپولیشن مینجمنٹ اینڈ فیملی پلاننگ پروگرام‘‘کے تحت ایک ارب روپے کی اسکیم کا آغاز کیا ہے، جس میں میڈیا مہمات، سوشل میڈیا پر آگاہی، اور نوجوانوں کی شمولیت شامل ہے لیکن یہ اسکیمیں بنیادی طور پر آگاہی پر مرکوز ہیں اور محکمہ بہبود آبادی کی بنیادی خدمات اور منصوبوں کی بحالی کے لیے کوئی واضح حکمت عملی نظر نہیں آتی۔

(جاری ہے)

محکمہ بہبود آبادی کے ملازمین کے روزگار کے تحفظ کے حوالے سے حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ انضمام کے بعد کسی بھی ملازم کو برطرف نہیں کیا گیا۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر محکمہ بہبود آبادی کی خود مختاری اور اختیارات کو بحال نہ کیا گیا تو آبادی کے کنٹرول کے اہداف حاصل کرنا مشکل ہو جائے گا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت محکمہ بہبود آبادی کے لیے نئی اسکیمیں متعارف کرائے اور اس کے اختیارات کو واضح کرے تاکہ آبادی کے مسائل کا مثر حل ممکن ہو سکے۔