علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں بورڈ آف ایڈوانس سٹڈیزاینڈ ریسرچ کا 73 واں اجلاس

جمعرات 29 مئی 2025 20:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2025ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں بورڈ آف ایڈوانس اسٹڈیز اینڈ ریسرچ (بَسَر) کا 73 واں اجلاس گزشتہ روز کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا۔ اجلاس کی نظامت اورمعاونت کے فرائض بَسَر کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ارشاد احمد ارشد نے نہایت احسن انداز میں انجام دیئے۔اجلاس کا آغاز گزشتہ فیصلوں پر عملدرآمد کی رپورٹ کے جائزے اور نئے ایجنڈے کی باضابطہ پیشکش سے ہوا۔

اس اہم اجلاس میں یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کے ڈینز، ممتاز اساتذہ، ماہرینِ مضامین اور پی ایچ ڈی سکالرز نے بھرپور شرکت کی۔اجلاس میں پیش کئے گئے تحقیقی مقالہ جات کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔ محققین کے جذبہ تحقیق اور علمی معیار کو سراہتے ہوئے بیشتر مقالہ جات کی منظوری دی گئی جبکہ چند مقالہ جات کو مزید نکھارنے کے لئے قیمتی اور تعمیری تجاویز بھی پیش کی گئیں۔

(جاری ہے)

پہلے سیشن میں فیکلٹی آف سائنسز سے تعلق رکھنے والے 15 پی ایچ ڈی طلبہ نے اپنے سائناپسز پیش کئے جنہیں اجلاس کے شرکاء نے نہ صرف سراہا بلکہ ان کے اعتماد اور تحقیقی انداز کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر ارشاد احمد ارشد نے کہا کہ طلبہ نے جس عزم، جستجو اور جدت کے ساتھ نئے تحقیقی موضوعات پر سائناپسز پیش کیے وہ قابلِ فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحقیق میں نیا پن اور تخلیقی انداز وقت کی اہم ضرورت ہے۔یاد رہے کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود بارہا اس امر پر زور دے چکے ہیں کہ تحقیقی کام کا محور ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی ہونا چاہیے تاکہ علم و تحقیق براہ راست قومی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔اجلاس کا دوسرا سیشن (آج )جمعہ 30 مئی کو منعقد ہوگاجس میں فیکلٹی آف سوشل سائنسز اینڈ ہیومینیٹیز، کلیہ عربی و علوم اسلامیہ اور فیکلٹی آف ایجوکیشن کے 11 پی ایچ ڈی سکالرز اپنے تحقیقی مقالہ جات پیش کریں گے۔

متعلقہ عنوان :