Live Updates

چیئرمین جنید اکبر خان کی زیر صدارت پارلیمنٹ کی پبلک اکائونٹس کمیٹی کا اجلاس

جمعرات 29 مئی 2025 20:29

چیئرمین جنید اکبر خان کی زیر صدارت پارلیمنٹ کی پبلک اکائونٹس کمیٹی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2025ء) پارلیمنٹ کی پبلک اکائونٹس کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو پی اے سی کے چیئرمین جنید اکبر خان کی زیر صدارت ہوا ۔ اجلاس میں کمیٹی کے ارکان سمیت متعلقہ سرکاری اداروں کے اعلی افسران نے شرکت کی ۔ پی اے سی نے معین پیرزادہ کی سربراہی میں زیر التواء آڈٹ اعتراضات نمٹانے کیلئے ایک اور ذیلی کمیٹی تشکیل دے دی۔

اس طرح پی اے سی کی ذیلی کمیٹیوں کی تعداد پانچ ہو گئی ہے۔ پی اے سی اجلاس میں مواصلات ڈویژن کی آڈٹ رپورٹ 24-2023 کا جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین این ایچ اے کی عدم موجودگی پر پی اے سی نے برہمی کا اظہار کیا ۔ سیکرٹری مواصلات نے کہا کہ چیئرمین این ایچ اے ایک اہم اجلاس کے باعث نہیں پہنچ سکے۔ جنید اکبر خان نے کہا کہ وہ اجلاس اہم ہے تو ہم یہاں کیا کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

آڈٹ حکام نے پاکستان پوسٹ آفس میں 314 افراد کی غیر قانونی بھرتی کا انکشاف کیا۔ سیکرٹری مواصلات نے کہا کہ تادیبی کارروائیاں شروع کی گئیں لیکن عدالتوں سے سٹے آرڈر لیے گئے۔ پاکستان پوسٹ آفس کے حکام نے بتایا کہ اشتہار سے زائد بھرتی کیے گئے لوگوں کو نکالا گیا۔ چیئرمین پی اے سی نے کہا کہ لوگوں سے پیسے لیے گئے، میرٹ کے خلاف بھرتیاں کی گئیں۔ پی اے سی نے اشتہار سے زائد بھرتیوں کا معاملہ نیب کو بھیج دیا۔ سیکرٹری مواصلات نے کہا کہ میں نے چار سو زائد لوگوں کو نکالا، جن لوگوں نے یہ کام کیا ان کو شو کاز نوٹسز جاری کیے۔ اس معاملے میں اٹارنی جنرل کو بلا لیں تاکہ معاملہ حل ہو۔ پی اے سی نے اس معاملہ پر اٹارنی جنرل کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات