بیرسٹرسلطان سے وائس چانسلر پونچھ یونیورسٹی کی ملاقات،یونیورسٹی آف کوٹلی کا اضافی چارج تفویض کیے جانے کی منظوری دیدی

جمعرات 29 مئی 2025 20:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2025ء)صدر آزاد جموں وکشمیربیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے وائس چانسلر یونیورسٹی آف پونچھ راولاکوٹ پروفیسر ڈاکٹر ذکریا ذاکر کی ایوان صدر کشمیر ہائوس اسلام آباد میں تفصیلی ملاقات کی۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے وائس چانسلر یونیورسٹی آف پونچھ راولاکوٹ پروفیسر ڈاکٹر ذکریا ذاکر کو بطور وائس چانسلر یونیورسٹی آف کوٹلی کا اضافی چارج تفویض کیے جانے کی منظوری دی۔

صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے وائس چانسلر یونیورسٹی آف پونچھ راولاکوٹ پروفیسر ڈاکٹر ذکریا ذاکر کو ہدایت کی کہ کوٹلی یونیورسٹی میں جاری گروپ بندی کو ختم کر کے اور اس میں جاری گروپ بندی سے بالا تر ہو کر یونیورسٹی آف کوٹلی کے مسائل کو یکسو کیا جائے اور میں اس سلسلے میں مزید اقدامات اٹھانے پر بھی غورو غوض کر رہا ہوں اور مزید کارروائی بھی کر سکتا ہوں ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ یونیورسٹی آف کوٹلی عالمی معیار کی جامعات کی فہرست میں شامل کرنے کے لئے تمام تر توانائیاں بروئے کار لائی جائیں۔ صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمو دچوہدری نے وائس چانسلر یونیورسٹی آف پونچھ پروفیسر ڈاکٹر ذکریا ذاکر کو ہدایت کی کہ راولاکوٹ میں چھوٹا گلہ کیمپس کو جلد فعال کیا جائے اور وہاں پر تعلیمی سرگرمیاں جلد شروع کیں جائیں، اسی طرح تراڑ کیمپس کے کام میں بھی مزید تیزی لائی جائے ۔

جامعہ پونچھ کے ان کیمپس کے فعال ہونے سے راولاکوٹ میں تعلیمی سرگرمیوں میں بہتری کے ساتھ ساتھ معاشی سرگرمیاں بھی پروان چڑھیں گی اور مقامی سطح پر معیشت مضبوط ہو گی۔ صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ میری خواہش ہے کہ آزادکشمیر کی تمام جامعات بین الاقوامی معیار کی جامعات ہوں اور اس سلسلے میں تمام تر توانائیاں اور وسائل بروئے کار لائے جائیں تاکہ آزادکشمیر کی جامعات کا شمار بھی عالمی سطح کی جامعات میں ہو سکے۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور وائس چانسلر یونیورسٹی آف پونچھ راولاکوٹ پروفیسر ڈاکٹر ذکریا ذاکر کے درمیان باہمی دلچسپی سمیت دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔