Live Updates

پاکستان کے خلاف رافیل طیاروں کی ناکامی ، بھارتی فضائی طاقت کی حقیقت بے نقاب

جمعرات 29 مئی 2025 21:25

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 مئی2025ء) پاکستان کے خلاف حالیہ کشیدگی اور جنگی محاذ پر بھارتی فضائیہ کے مہنگے فرانسیسی ساختہ رافیل طیاروں کی ناکامی نے بھارت کی فضائی طاقت کے دعووں کی حقیقت کو بے نقاب کر دیا ہے۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق فرانس کی دفاعی کمپنی ڈسالٹ ایوی ایشن اور بھارتی حکومت کے درمیان رافیل طیاروں کی کارکردگی کو لے کر شدید اختلافات پیدا ہو چکے ہیں۔

بھارتی فضائیہ کی مہنگی رافیل خریداری کے باوجود، پاکستان کی جانب سے استعمال کیے گئے چینی ساختہ PL-15 میزائلوں نے بھارتی دفاعی دعووں کو سخت دھچکہ پہنچایا ہے۔ رپورٹس کے مطابق رافیل کی حالیہ کارکردگی پر شبہات نے فرانس کی ماہر ٹیم کو بھارت میں رافیل بیڑے کے معائنے کی درخواست دینے پر مجبور کیا، جسے نئی دہلی نے سیکیورٹی خدشات کے بہانے مسترد کر دیا۔

(جاری ہے)

بھارتی فضائیہ کئی برسوں سے تربیت یافتہ پائلٹوں کی کمی کا شکار ہے۔ دسمبر 2024 کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پائلٹس کی تعداد 2015 میں 486 تھی جو 2021 تک بڑھ کر 596 ہو گئی، مگر بھارت کو 42 اسکواڈرن کی ضرورت کے باوجود صرف 31 لڑاکا اسکواڈرن دستیاب ہیں، جو کہ جنگ کے لیے ناکافی ہیں۔بھارتی حکام نے الزام لگایا ہے کہ ڈسالٹ ایوی ایشن نے رافیل کے اہم مشن سسٹمز اور ایویونکس کے سورس کوڈ تک رسائی دینے سے انکار کیا، جو جنگی تیاری، اسلحہ کے انضمام اور پائلٹ تربیت کے لیے نہایت ضروری ہے۔

اس انکار کی وجہ سے رافیل کے مؤثر استعمال میں مشکلات پیدا ہو گئی ہیں۔بھارت نے ہر رافیل طیارے پر تقریباً 288 ملین ڈالر خرچ کیے لیکن وہ اپنے خریدے گئے نظام پر مکمل کنٹرول حاصل کرنے میں ناکام رہا۔ دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ حالیہ جنگ نے بھارت کی دفاعی کمزوریوں کو بے نقاب کر دیا ہے اور بھارت کو اپنی حکمت عملی اور دفاعی خریداریوں پر نظر ثانی کرنے کی ضرورت ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات