Live Updates

شہری عیدالاضحی کے موقع پر متوازن غذا کااستعمال کریں، ڈاکٹر سمن ندیم

گوشت کا غیرمتوازن استعمال صحت کے لیے مضر ہے، جانوروں سے بیماریاں پھیلتی ہیں، پنجوانی سینٹر جامعہ کراچی میں خطاب

جمعرات 29 مئی 2025 19:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2025ء)کراچی: صحت سے متعلق پیچیدہ مسائل سے بچنے کے لیے قربانی کے گوشت کا متوازن استعمال شہریوں کے لیے حدسے زیادہ ضروری ہے، عیدالاضحی کے دوران جانوروں کی بڑے پیمانے پر دیکھ بھال اور قربانی سے جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہونے والی زونوٹک بیماریوں اور آنتوں کی بیماریوں کے پھیلنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، آگاہی، مناسب صفائی، ویٹرنری نگرانی اور کمیونٹی کا باہمی تعاون ان خطرات کو کم کرنے اور عید کے دوران کمیونٹی کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے نہایت اہم ہیں۔

یہ بات کنسلٹنٹ کلینکل مائکرو بائیولوجسٹ اور نیشنل میڈیکل سینٹر کے مائکروبائیو لوجی شعبے کی سربراہ ڈاکٹر سمن ندیم نے جمعرات کو ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیو لر میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ (پی سی ایم ڈی)، جامعہ کراچی کے عوامی آگاہی پروگرام کے تحت عیدالاضحی سے متعلق ہونے والی آنتو ں کی بیماریاں، اور جانوروں سے لگنے والی بیماریاں، خطرات، بچاواور علاج کے موضوع پر ایل ای جے نیشنل انفارمیشن سینٹرجامعہ کراچی میں منعقدہ ایک لیکچر کے دوران کہی۔

(جاری ہے)

لیکچر کا انعقاد ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیو لر میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ جامعہ کراچی اور سندھ انوویشن، ریسرچ اینڈ ایجوکیشن نیٹ ورک(سائرن)کے باہمی تعاون سے ہو ا۔ڈاکٹر سمن ندیم نے کہا عید کے دنوں میں آنتوں کی بیماریوں کا خطرہ بڑھ جانا ایک سنجیدہ معاملہ ہے۔ انھوں نے کہا جانوروں کی قربانی اور کھانے کی تیاری کے دوران غیر مناسب صفائی خوراک سے پیدا ہونے والی بیماریوں کا سبب بن سکتی ہے، جبکہ کچا یا نیم پکا گوشت کھانے سے مختلف جراثیم جسم میں داخل ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قربانی کے دوران جانوروں سے قریبی رابطہ، ہاتھوں اور سطحوں کی آلودگی، ناقص صفائی اور کچے گوشت کے استعمال کی وجہ سے آنتوں کی بیماریاں زیادہ پھیل سکتی ہیں۔ زونوٹک بیماریوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے ڈاکٹر سمن نے کہا کہ ایسی بیماریاں کسی کو بھی متاثر کر سکتی ہیں، حتی کہ صحت مند افراد کو بھی تاہم کچھ لوگ جیسے کہ پانچ سال سے کم عمر بچے،65سال سے زائد عمر کے افراد، کمزور مدافعتی نظام والے افراد، اور حاملہ خواتین ان بیماریوں سے شدید متاثر ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ قربانی سے پہلے، دورانِ قربانی، اور اس کے بعد احتیاطی تدابیر اپنائیں، اور کچے گوشت اور سبزیوں کے لیے علیحدہ چاقو اور بورڈ استعمال کریں تاکہ کراس آلودگی سے بچا جا سکے۔ انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ عید کے موقع پر زیادہ کھانے سے پرہیز کریں اور ایک متوازن غذا کا استعمال کریں تاکہ صحت کے مسائل سے بچا جا سکے۔ مزید برآں، ڈاکٹر سمن ندیم نے شہریوں کو کریمین-کانگو ہیمرجک بخار سے ہوشیار رہنے کا مشورہ دیاجو ایک وائرس سے پیدا ہونے والا بخار ہے جو چیچڑ کے کاٹنے یا متاثرہ جانور کے خون سے منتقل ہو سکتا ہے۔
Live عید الاضحیٰ سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :