بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے کوئٹہ ،تربت، لورالائی اور ژوب میں کارروائی کرتے ہوئے 19خوراکی مراکز کے مالکان کو جرمانہ کردیا

جمعرات 29 مئی 2025 20:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2025ء) بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے کوئٹہ ،تربت، لورالائی اور ژوب میں کارروائی کرتے ہوئے 19خوراکی مراکز کے مالکان کو جرمانہ کردیا۔ جمعرات کو بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت مختلف اضلاع میں غیرمعیاری ،لائسنس کی عدم دستیابی اور صفائی کی ابتر صورتحال پر کارروائیاں کی گئی جس کے مطابق ایئرپورٹ روڈ کوئٹہ میں قائم معروف ریسٹورنٹس سمیت مختلف ہوٹلوں کی چیکنگ کرتے ہوئے پکوان میں ناقص رنگوں اور پابندی عائد چائنیز نمک کے استعمال ، صفائی کی ابتر صورتحال ، اشیاکی نامناسب اسٹوریج ، کھانوں کی تیاری میں زیر استعمال کوکنگ آئل خراب ہونے اور ایکسپائر بریڈ کی موجودگی پر 3 ریسٹورنٹس کے خلاف کاروائی کی گئی اورریسٹورنٹس ملکان پر جرمانہ عائد کیاگیا۔

(جاری ہے)

دوران انسپیکشن متعدد ہوٹل و ریسٹورنٹس مالکان معمولی نقائص پر اصلاحی نوٹسز جاری کیے اور ایس او پیز پر من و عن عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔ملاوٹی دودھ اور دہی کی فروخت کے خاتمے کے لیے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی ڈیری مصنوعات پر خصوصی نظر رکھتے ہوئے کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں غوث آباد اور ہزارہ ٹائون میں موبائل ملک سیفٹی ٹیموں کی ملک شاپس کی خصوصی چیکنگ کی گئی ،دودھ میں پانی اور خشک پاڈر کی ملاوٹ پر 3 مراکز کے مالکان کو جرمانہ کیاگیا۔

بلوچستان فوڈ اتھارٹی آپریشن ٹیم کی کاسی روڈ کوئٹہ کے مختلف مقامات پر قائم اشیا خوردونوش کے مرکز کی چیکنگ کی گئی ۔ ایس او پیز کے خلاف ورزی اور ناقص اشیا کی فراہمی پر ایک پولٹری شاپ جبکہ ایکسپائرڈ مصنوعات رکھنے پر ایک جنرل سٹور اور مضر صحت نان فوڈ گریڈ کلرز کی فروخت سمیت لائسنس کی عدم دستیابی پر چھ مراکز کے خلاف ایکشن لیاگیااور مالکان پر جرمانہ عائد کیاگیا۔

کاروائی کے دوران معمولی نقائص پر 6 دیگر مراکز کو اصلاحی نوٹسز کا اجرا کردیاگیا۔ غیر معیاری ، مضر صحت اور ایکسپائرڈ خوردنی مصنوعات کی فروخت کے خلاف دیگر اضلاع کی طرح تربت میں بھی بی ایف اے کی زونل انسپکشن ٹیم مسلسل متحرک ہے ،خوردنی اشیا کے معیار کی جانچ کے لیے متعدد کھانے پینے کے مراکز کا معائنہ کیاگیا۔ زائد المعیاد اسنیکس ، ایکسپائرڈمشروبات اور ممنوعہ گٹکا پان پراگ کی فروخت پر ایک جنرل سٹور کے خلاف ایکشن لیاگیا ،دکان سے برآمد شدہ ایکسپائرڈ و پابندی عائد مضر صحت مصنوعات ضبط کر کے موقع پر تلف اوردکاندار پر جرمانہ عائد کردیاگیا۔

خوراک کے معیار کی بہتری اور ناقص خوردنی اشیا کی فروخت و تیاری کے خاتمے کے لیے ژوب شہر میں بلوچستان فوڈ اتھارٹی معائنہ ٹیم کی خصوصی چیکنگ کی گئی ۔دوران انسپکشن متعدد ملک شاپس بیکنگ یونٹس بیکریوں سمیت متفرق کھانے پینے کے مراکز کو چیک کیا گیا ۔اتھارٹی حکام کے مطابق بارہا تنبیہ نوٹسز کے باوجود لائسنس کے بغیر اشیا خوردنوش کے کاروبار پر دو مراکز پر جرمانے عائد کیے گئے ۔

دودھ میں پانی کی ملاوٹ اور صفائی کے نامناسب انتظامات پر متعدد ملک شاپ مالکان کو وارننگ نوٹسز جاری کیے گئے۔بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی زونل انسپکشن ٹیم کا نیو اڈا اور نیشنل ہائی وے ڈی جی خان روڈ لورالائی پر قائم ہوٹلوں ، جنرل سٹورز اور بیکریوں سمیت متفرق خوراک کیمراکز کا معائنہ کیاگیا۔دوران انسپکشن 4جنرل اسٹور سے مختلف ایکسپائرڈ خوردنی اشیا بسکٹ ، چاکلیٹ ، کیک ، جوس ، کولڈ ڈرنکس اور پابندی عائد چائنیز نمک برآمد کیاگیا۔

اتھارٹی حکام کے مطابق ایک بیکری کے خلاف بھی زائد المعیاد اشیا رکھنے اور ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے جبکہ صفائی کی ابتر صورتحال سمیت مختلف وجوہات پر دو ریسٹورنٹس کے خلاف ایکشن لیا گیا۔جنرل سٹورز اور بیکری سے برآمد شدہ ناقص اور ایکسپائرڈ مصنوعات ضبط کر کے موقع پر تلف کر دی گئیں ۔