پاکستان مسلم لیگ (ن) لیڈیز ونگ کی جانب سے ٹنڈو آدم میں خواتین کنونشن، سیاسی شعور و بیداری پر زوردیا گیا

جمعہ 30 مئی 2025 11:47

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2025ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) لیڈیز ونگ ضلع سانگھڑ کے زیر اہتمام ٹنڈوآدم کےمقامی شادی ہال میں خواتین کنونشن منعقد کیا گیا، جس میں مختلف علاقوں سے خواتین کی بڑی تعداد نےشرکت کی۔ تقریب کی میزبانی حنیفہ خانم نے کی، جبکہ صدارت مسلم لیگ (ن) لیڈیز ونگ سندھ کی صوبائی صدر زاہدہ بھنڈ نے کی۔ کنونشن میں مسلم لیگ (ن) کے مرکزی، صوبائی اور ضلعی رہنماؤں نے شرکت کی۔

مہمانانِ خصوصی میں پارٹی کے صوبائی رہنما نصیر میمن، رئیس انور علی مری، اسحاق قریشی، ڈویژنل یوتھ ونگ نوابشاہ کے نائب صدر نعمان آرائیں، ضلعی سینئر نائب صدر شہناز پٹھان، ڈویژن نوابشاہ کی صدر ڈاکٹر کوثر پروین، ضلعی صدر پروین راجپوت، جنرل سیکرٹری ناہید چنہ، لبنیٰ و دیگر شامل تھیں۔

(جاری ہے)

کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے زاہدہ بھنڈ، انور علی مری، نصیر میمن، نعمان آرائیں اور دیگر مقررین نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ خواتین کے حقوق کی حمایت کی ہے اور ان کو معاشرے میں باعزت مقام دلانے کے لیے موثر پالیسیوں پر عمل درآمد یقینی بنایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے کنونشنز نہ صرف خواتین میں سیاسی شعور پیدا کرتے ہیں بلکہ انہیں معاشی، سماجی اور تعلیمی طور پر بااختیار بنانے کا ذریعہ بھی بنتے ہیں۔ مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مسلم لیگ (ن) کے پلیٹ فارم سے خواتین کی ترقی اور قیادت کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رہیں گے، کیونکہ عورت کی شمولیت کے بغیر معاشرے کی ترقی ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں خواتین کے لیے جامع پالیسیوں پر عملدرآمد مسلم لیگ (ن) کی اولین ترجیح ہے۔ تقریب کی میزبان حنیفہ خانم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹنڈوآدم اور ضلع سانگھڑ کی خواتین میں سیاسی بیداری باعثِ فخر ہے، اور ایسے پروگرامزکے ذریعے خواتین میں قیادت کا حوصلہ پیدا ہو رہا ہے۔ پروگرام کے اختتام پر شرکاخواتین نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور مطالبہ کیا کہ ضلعی سطح پر ایسے پروگرامز کا تسلسل برقرار رکھا جائے تاکہ خواتین کو مزید منظم اور باخبر بنایا جا سکے۔