Live Updates

ملک میں ضروری اشیاء کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.81 فیصد کی کمی ریکارڈ

جمعہ 30 مئی 2025 15:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2025ء) ملک میں ضروری اشیاء کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.81 فیصد کی کمی اور سالانہ بنیادوں پر 0.41 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پاکستان بیورو برائے شماریات کی جانب سے قیمتوں کے حساس اشاریہ بارے ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 29 مئی کو ختم ہونے والے ہفتہ میں صارفین کیلئے قیمتوں کا حساس اشاریہ 309.80 پوائنٹس ریکارڈ کیا گیا جو پیوستہ ہفتہ کے مقابلہ میں 0.81 فیصد کم ہے۔

پیوستہ ہفتہ میں صارفین کیلئے قیمتوں کا حساس اشاریہ 312.34 پوائنٹس ریکارڈ کیا گیا تھا۔ گذشتہ ہفتہ کے دوران ملک میں 10 ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور 27 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ اس کے برعکس 14 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ گذشتہ ہفتہ کے دوران سب سے کم آمدنی والے گروپ کیلئے بجلی کی قیمت میں 10.10 فیصد، چکن 8.51 فیصد، ایل پی جی 2.67 فیصد، چینی 0.25 فیصد، خشک دودھ 0.20 فیصد، اڑھائی کلو بناسپتی گھی 0.17 فیصد، آٹا 0.09 فیصد، اری چاول 0.07 فیصد، لہسن 0.05 فیصد اور دال مونگ کی قیمت میں 0.01 فیصد کی کمی ہوئی۔

(جاری ہے)

اس کے برعکس ٹماٹر کی قیمت میں 4.54 فیصد، آلو 2.94 فیصد، انڈے 2.19 فیصد، پیاز 2.17 فیصد، گڑ 0.77 فیصد، کیلا 0.73 فیصد، سرسوں کا تیل 0.34 فیصد، سگریٹ 0.25 فیصد، دال ماش 0.22 فیصد، دال چنا 0.17 فیصد، دال مسور 0.14 فیصد اور ٹوٹا باسمتی چاول کی قیمت میں 0.12 فیصد کا اضافہ ہوا۔ سب سے کم یعنی 17 ہزار 732 روپے ماہوار آمدنی رکھنے والے گروپ کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں 0.67 فیصد کی کمی ہوئی۔ 17 ہزار 733 روپے سے لے کر 22 ہزار 888 روپے، 22 ہزار 889 روپے سے لے کر 29 ہزار 517 روپے، 29 ہزار 518 روپے سے لے کر 44 ہزار 175 روپے اور اس سے زیادہ ماہوار آمدنی والے رکھنے والے گروپوں کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں بالترتیب 0.95 فیصد، 0.69 فیصد، 0.63 فیصد اور 0.74 فیصد کی کمی ہوئی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات