Live Updates

یونیسف کی چائلڈ میرج کیخلاف آگاہی مہم، صبا قمر میدان میں آگئیں

پاکستان دنیا میں بچوں کی شادیوں کے حوالے سے چھٹے نمبر پر ہے، جہاں تقریبا 1.9 کروڑ لڑکیوں کی 18 سال سے کم عمر میں شادی ہو چکی ہے

جمعہ 30 مئی 2025 16:02

یونیسف کی چائلڈ میرج کیخلاف آگاہی مہم، صبا قمر میدان میں آگئیں
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2025ء)اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال (یونیسف)نے پاکستان میں بچوں کی شادیوں کے خلاف آگاہی پیدا کرنے کے لیے ایک نئی مہم کا آغاز کیا ہے۔اس آگاہی مہم کے لیے یونیسف کی نیشنل ایمبیسیڈر برائے حقوقِ اطفال، معروف اداکارہ صبا قمر نے ایک جذباتی ویڈیو پیغام بھی ریکارڈ کروایا ہے۔یونیسف نے اعلان کیا کہ یہ ویڈیو نہ صرف معاشرے کو بچوں کی شادی جیسے سنگین مسئلے کے خلاف بولنے کی ترغیب دیتی ہے بلکہ بچوں کے حقوق کے تحفظ اور بچیوں کو بااختیار بنانے کے لیے ادارے کے عزم کو بھی اجاگر کرتی ہے۔

صبا قمر نے ویڈیو میں کہا کہ ہمیں خاموش نہیں رہنا چاہیے۔ پاکستان میں کسی بچے کو ایسی شادی اور مستقبل پر مجبور کیوں کیا جائے جو اس نے خود منتخب نہیں کیا صحت اور تعلیم کے تمام خطرات کے باوجود، ہم اسے چیلنج کیے بغیر کیسے چھوڑ سکتے ہیں اداکارہ صبا قمر نے یونیسیف کی کامیابیوں کا زکر کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ برس سندھ کے ضلع سجاول میں انہوں نے خود ایسے کیسز دیکھے جہاں یونیسف کا کام بچوں کی زندگیوں میں فرق لا رہا ہے۔

(جاری ہے)

صبا قمر نے بتایا کہ وہاں میری ایک 14 سالہ لڑکی انعم نذیر سے ملاقات ہوئی جس نے اپنی برادری میں تین شادیاں رکوا دیں۔ ایسے نوجوان چیمپئنز ہیں اور ہمیں بہتری کی امید دلاتے ہیں۔پاکستان دنیا میں بچوں کی شادیوں کے حوالے سے چھٹے نمبر پر ہے، جہاں تقریبا 1.9 کروڑ لڑکیوں کی 18 سال سے کم عمر میں شادی ہو چکی ہے۔ان میں سے تقریبا نصف 18 سال کی ہونے سے قبل ہی ماں بن جاتی ہیں جس سے ان کی صحت اور زندگی کو سنگین خطرات لاحق ہوتے ہیں۔صرف 13 فیصد شادی شدہ لڑکیاں سیکنڈری تعلیم مکمل کر پاتی ہیں جبکہ غیر شادی شدہ لڑکیوں میں یہ شرح 44 فیصد ہے، جو ان کے مستقبل کے مواقع کو محدود کر دیتا ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات