حب ، ڈاکوﺅں کی بینک سے رقم نکلوا کر جانے والے شہری کولوٹنے کی کوشش، شہری کی جوابی فائرنگ سے 3 ڈاکو ہلاک

شہری جب بینک سے رقم لے کر جا رہا تھا تو اچانک چند ڈاکو اس کے سامنے آ گئے اور اسے لوٹنے کی کوشش کرنے لگے لیکن شہر ی نے اپنی حفاظت کیلئے فائرنگ کی جس سے ڈاکوہلاک ہوگئے،عینی شاہدین

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 30 مئی 2025 15:55

حب ، ڈاکوﺅں کی بینک سے رقم نکلوا کر جانے والے شہری کولوٹنے کی کوشش، ..
حب(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30 مئی 2025) حب میں ڈاکوﺅں کی بینک سے رقم نکلوا کر جانے والے شہری کولوٹنے کی کوشش، شہری کی جوابی فائرنگ سے 3 ڈاکو ہلاک، ڈاکوﺅں کی فائرنگ سے شہری زخمی ،اطلاع ملنے پر پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی جبکہ ریسکیو اہلکاروں نے زخمی شہری کو ہسپتال منتقل کر دیا، تفصیلات کے مطابق مقامی شہری بینک نے رقم نکلوانے کیلئے آیا اور رقم نکلوانے کے بعد جیسے ہی بینک سے باہر آیا ڈاکوﺅں نے رقم لوٹنے کی کوشش کرتے ہوئے فائرنگ شروع کر دی ۔

شہر ی نے اپنے بچاﺅ کیلئے ڈاکوﺅں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں تینوں ڈاکو گولیاں لگنے سے موقع پر ہلاک ہوگئے۔اس حوالے سے عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ شہری جب بینک سے رقم لے کر جا رہا تھا تو اچانک چند ڈاکو اس کے سامنے آ گئے اور اسے لوٹنے کی کوشش کرنے لگے لیکن شہر ی نے اپنی حفاظت کیلئے فائرنگ کی جس سے ڈاکوہلاک ہوگئے۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق واقعہ کے حوالے سے زخمی شہری سے بھی تفصیلات حاصل کی جائیں گی ۔

پولیس کا کہنا ہے کہ موقع سے تمام شواہد اکھٹے کر لئے گئے ہیں اور کیس کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے ۔ خیال رہے کہ اس سے قبل بھی شہر قائد کراچی میں ڈاکووں نے بینک سے رقم لے کر نکلنے والے شخص کو گھرکی دہلیز پر لوٹ لیا تھا۔ شہر قائد میں ڈاکو بے لگام ہو گئے تھے اور دن دیہاڑے اسلحے کے زور پر شہریوں کو گھروں کی دہلیز پر لوٹنا شروع کر دیا تھا۔ایف بی ایریا بلاک 13 میں 3 موٹر سائیکلوں پر سوار 5 ملزمان نے واردات کی تھی۔

عمر رسیدہ شخص رکشے سے اتر کر جیسے ہی گھرکی دہلیزپرپہنچا تو ملزمان لوٹ مار کیلئے آگئے تھے۔ ملزمان نے عمر رسیدہ شخص کو لوٹ مار کے دوران زدوکوب بھی کیا گیا تھا۔پولیس کا کہنا تھا کہ متاثرہ شخص سے رابطہ کرکے تفصیلات حاصل کی گئیں تھیں اور قانونی کارروائی کی گئی تھی۔پولیس کا مزید یہ بھی کہنا تھا کہ جلد ملزمان کو گرفتار کیا جائے گا۔اسی طرح کے ایک اور واقعہ میںگوجرانوالہ میں بینک سے رقم لے کر جانے والے تاجر سے ڈاکو سرعام گن پوائنٹ پر 30 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہو گئے تھے۔ متاثرہ تاجر کا کہنا تھا کہ ملزمان کو فوری گرفتار کر کے چھینی گئی رقم برآمد کی جائے، پولیس نے مقدمہ درج کرلیا تھا۔