Live Updates

سیلاب کے پیش نظر سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فضائی سرگرمیاں محدود کردی گئیں

چشتیاں میں پانی کے تیز بہا ﺅکے باعث 6 حفاظتی بند ٹوٹ گئے،300 سے زائد دیہات زیر ،7 ہزار ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 28 اگست 2025 15:50

سیلاب کے پیش نظر سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فضائی سرگرمیاں محدود ..
سیالکوٹ/چشتیاں(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔28 اگست ۔2025 )سیلابی صورتحال کے پیش نظر سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فضائی سرگرمیاں محدود کردی گئی ہیں جبکہ تعلیمی ادارے بند کردئیے گئے شدید بارشوں کے بعد سیلابی پانی ایئرپورٹ کے اطراف میں داخل ہونے لگا ہے. ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق صبح 10بجے سے رات 10 بجے تک فلائٹ آپریشن بند کیا جارہا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بچا جا سکے رپورٹ کے مطابق ایوی ایشن حکام نے پروازوں کی معطلی کا باضابطہ نوٹم جاری کر دیا ہے، بتایا جا رہا ہے کہ جنوبی جانب سے سیلابی ریلے نے ایئرپورٹ کو گھیرنے کی کوشش کی جس کے بعد فوری طور پر مشینری اور عملے کو متحرک کر دیا گیا.

(جاری ہے)

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پانی کے اخراج کیلئے ڈی واٹرنگ پمپ مسلسل کام کر رہے ہیں تاکہ رن وے اور دیگر حساس مقامات کو نقصان نہ پہنچے حکام کا کہنا ہے کہ ٹرمینل بلڈنگ، پارکنگ اور رن وے کا بڑا حصہ محفوظ ہے اور ایئرپورٹ پر نصب تمام آلات کو کسی قسم کا خطرہ لاحق نہیں، صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور امید ظاہر کی گئی ہے کہ آپریشن رات 10 بجے کے بعد معمول پر آ جائے گا دوسری جانب سیالکوٹ میں سیلابی صورتحال کے باعث تمام تعلیمی ادارے جمعرات کوبند کردئیے گئے.

ڈپٹی کمشنر کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع سیالکوٹ کی حدود میں تمام سرکاری و پرائیویٹ تعلیمی ادارے بند کئے گئے ہیں تعلیمی ادارے ضلع بھر میں شدید بارش اور فلڈ کے پیش نظر بند کئے گئے دوسری جانب جنوبی پنجاب کے شہرچشتیاں میں دریائے ستلج میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافے کے باعث چشتیاں میں پانی کے تیز بہا ﺅکے باعث 6 حفاظتی بند ٹوٹ گئے تحصیل چشتیاں میں پانی کے تیز بہا ﺅکی وجہ سے حفاظتی بند ٹوٹنے سے 300 سے زائد دیہات زیر آب آ گئے اور 7 ہزار ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں.

مقامی کسانوں نے 8 کلو میٹر لمبا ایک حفاظتی بند اپنی مدد آپ کے تحت تیار کیا ہے، کسانوں کا کہنا ہے کہ یہ بند آخری سہارا ہے، اگر یہ ٹوٹا تو 20 ہزار گھر خطرے میں ہوں گے ادھر زیر آب آنے والی کئی متاثرہ بستیوں تک ریسکیو ٹیمیں تاحال نہیں پہنچ سکیں، اسسٹنٹ کمشنر نے بتایا کہ سیلاب میں پھنسے 5 ہزار افراد اور مال مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے. 
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات