شافع حسین اورصہیب احمد بھرت سے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن گجرات کے وفد کی ملاقات ،ایک کروڑ روپے کی گرانٹ کا چیک دیا گیا

جمعہ 30 مئی 2025 17:05

شافع حسین اورصہیب احمد بھرت سے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن گجرات کے وفد ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2025ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین اور صوبائی وزیر قانون صہیب احمد بھرت سے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن گجرات کے وفد نے ملاقات کی۔سول سیکرٹریٹ میں ہونے والی ملاقات میں سیکرٹری قانون آصف بلال لودھی اور دیگر بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے صوبائی وزیر قانون صہیب احمد بھرت کی موجودگی میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن گجرات کے جنرل سیکرٹری اشتیاق احمد وڑائچ کو ایک کروڑ روپے کی گرانٹ کا چیک دیا۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ لوگوں کو انصاف کی فراہمی میں وکلائ برادری کا کلیدی کردار ہے۔جمہوری روایات کے فروغ اور جمہوری نظام کی مضبوطی میں بھی وکلاء کا مؤثرکردار ہے۔

(جاری ہے)

پنجاب حکومت وکلائ برادری کی فلاح کیلئے اقدامات جاری رکھے گی۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ بار کو فراہم کردہ فنڈز کے بہترین استعمال کو یقینی بنایا جائے۔

ڈسٹرکٹ بار گجرات کو فراہم کردہ گرانٹ سے وکلاء کو سہولیات کی فراہمی میں اضافہ ہوگا۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز خواتین وکلائ کیلئے علیٰحدہ بلڈنگ بنا کر بھی دیں گی۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے کہاکہ عام آدمی کو فوری اور بروقت انصاف کی فراہمی ضروری ہے،اس مقصد کیلئے پنجاب حکومت جوڈیشل ریفارمز پر کام کر رہی ہے۔چوہدری شافع حسین نے گجرات بار کو گرانٹ کی فراہمی پر صوبائی وزیر قانون صہیب احمد بھرت کا شکریہ ادا کیا۔گجرات بار نے گرانٹ کی فراہمی پر صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین سے اظہار تشکرکیا۔