وفاقی وزیر برائے امور کشمیرگلگت بلتستان اور سیفران انجینئر امیر مقام سے اپر کوہستان ڈیم متاثرین کے جرگہ کی ملاقات

جمعہ 30 مئی 2025 17:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2025ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیرگلگت بلتستان اور سیفران انجینئر امیر مقام سے اپر کوہستان ڈیم کے متاثرین کے جرگہ کے وفد نے وزارت میں ملاقات کی۔ جمعہ کو یہاں جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ ہم ایک ہی علاقے کے لوگ ہیں، ہمارا خطہ اور ثقافت ایک جیسی ہے، میں ہمیشہ آپ کی نمائندگی کرتا رہا ہوں، آپ کے مسائل اٹھائے ہیں اور آپ کے خدشات سنے ہیں۔

وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کوہستان کے عوام کے جائز مطالبات کے مستقل حل کے لیے ایک مکمل بااختیار کمیٹی بنانے کی تجویز دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں ہمیشہ آپ کے مسائل کے حل میں کلیدی کردار ادا کرتا رہا ہوں اور میرے دفتر کے دروازے آپ کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں، میں آپ کے جائز مطالبات کی حمایت اور وکالت جاری رکھوں گا۔

(جاری ہے)

انجینئر امیر مقام نے مزید زور دیا کہ یہ ڈیم قومی مفاد میں ہے اور وفد کو یقین دلایا کہ ان کے خدشات کے حل کے لیے کوئی راستہ ضرور نکالا جائے گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ ان کے مطالبات اور تحفظات واپڈا کے چیئرمین کے ساتھ زیر بحث لائیں گے۔اس موقع پر قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی کے چیئرمین ایم این اے ادریس خان بھی موجود تھے۔قبل ازیں جرگہ کے اراکین نے وفاقی وزیر کو اپنے مطالبات اور تحفظات سے آگاہ کیا۔ ایم این اے ادریس خان نے بھی کوہستان کے عوام کو درپیش مختلف مسائل کو اجاگر کیا۔