زرعی یونیورسٹی میں نئے تعلیمی سال کیلئے انڈر گریجویٹ داخلوں کا آغاز

جمعہ 30 مئی 2025 17:37

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2025ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد نے تعلیمی سال 26-2025 کیلئے انڈر گریجویٹ داخلوں کا اجرا کر دیا ہے۔ پہلے انٹری ٹیسٹ کیلئے آن لائن رجسٹریشن 2 جون سے 30 جون 2025تک جاری رہے گی جبکہ انٹری ٹیسٹ 13 جولائی 2025 ء کو منعقد ہوگا۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر ایڈمیشن ڈاکٹر ندیم عباس کے مطابق زرعی یونیورسٹی فیصل آباد نے پنجاب بھر میں 12 امتحانی مراکز قائم کیے ہیں جن میں فیصل آباد، لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، سرگودھا، لیہ، ملتان، رحیم یار خان، بہاولپور، ٹوبہ ٹیک سنگھ، بورے والا اور دیپالپور (اوکاڑہ) شامل ہیں۔

30 فیصد میٹرک کے نمبر، 30 فیصد انٹرمیڈیٹ پارٹ-1 کے نمبر اور 40 فیصد انٹری ٹیسٹ کے نمبروں پر میرٹ بنے گا۔ دلچسپی رکھنے والے امیدوار یونیورسٹی کی آفیشل ویب سائٹ www.uaf.edu.pk وزٹ کرکے ڈگری پروگرامز، اہلیت کے معیار اور فیس کے ڈھانچے کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔ مزید معلومات کے لیے 111-000-823 یا 041-9200161-70، ایکسٹینشن 5050، 5055 اور 3315 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ زرعی یونیورسٹی کو کیو ایس رینکنگ کے مطابق زراعت اور جنگلات کے شعبے میں دنیا کی 34ویں بہترین یونیورسٹی کا درجہ حاصل ہے۔