Live Updates

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا نادرا ہیڈکوارٹر کا دورہ ، جلاس کی صدارت

جمعہ 30 مئی 2025 21:13

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا نادرا ہیڈکوارٹر کا دورہ ، جلاس کی صدارت
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 مئی2025ء)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نادرا ہیڈکوارٹرز کا اہم دورہ کیا جہاں انہوں نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے شناختی کارڈز، بائیومیٹرک تحفظ اور ڈیجیٹل سروسز سے متعلق متعدد اہم فیصلے کیے۔ دورے کے دوران وزیر داخلہ نے سیکٹر آئی-8 میں 10 منزلہ نادرا میگا سنٹر کا سنگ بنیاد بھی رکھا، جس کی تکمیل جون 2026 میں متوقع ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 2017 یا اس سے قبل جاری ہونے والے زائدالمیعاد شناختی کارڈز پر رجسٹرڈ تمام موبائل سمز کو فوری طور پر بلاک کر دیا جائے گا۔ اگلے مرحلے میں 2017 کے بعد کے منسوخ شدہ کارڈز پر بھی یہی پالیسی لاگو کی جائے گی۔ صرف فعال شناختی کارڈز پر ہی موبائل سمز کام کریں گی۔یہ کارروائی پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (PTA) کے تعاون سے کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ وفات پا جانے والے افراد کے شناختی کارڈز پر جاری سمز کو بھی بند کیا جا رہا ہے۔چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر نے بتایا کہ مختلف سرکاری ادارے شہریوں کی بائیومیٹرک معلومات اپنی علیحدہ ڈیٹا بیسز میں محفوظ کر رہے ہیں، جس سے ڈیٹا چوری اور غلط استعمال کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ وزارت داخلہ نے تمام اداروں کو علیحدہ بائیومیٹرک ڈیٹابیس بنانے سے روکنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

چیئرمین نادرا نے فیشل ریکگنیشن سسٹم کو نادرا کے تصدیق شدہ ڈیٹابیس کے ذریعے نافذ کرنے کی تجویز دی تاکہ ان شہریوں کی شناخت ممکن بنائی جا سکے جنہیں فنگر پرنٹس کی تصدیق میں مشکلات پیش آتی ہیں۔وزیر داخلہ نے ہدایت دی کہ ملک بھر میں فیشل ریکگنیشن سسٹم کا نفاذ 31 دسمبر 2025 تک مکمل کیا جائے، جس کی نگرانی وزارت داخلہ کرے گی۔محسن نقوی نے بتایا کہ نادرا کی خدمات کو ملک بھر کی 44 نئی تحصیلوں اور مخصوص یونین کونسلوں تک توسیع دی گئی ہے۔

اسلام آباد کی تمام 31 یونین کونسلوں میں 30 جون 2025 تک نادرا خدمات دستیاب ہوں گی۔وزیر داخلہ نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے بہتر سہولیات کی فراہمی پر زور دیا اور وزارت خارجہ کے ساتھ مل کر جامع جائزہ لینے کی ہدایت جاری کی۔محسن نقوی نے ملتان، سکھر اور گوادر میں نادرا کے نئے ریجنل دفاتر کے قیام کی منظوری دی۔ نادرا کے چیئرمین نے بتایا کہ گزشتہ سال کے دوران ادارے نے سروس ڈیلیوری اور ڈیجیٹل تبدیلی میں نمایاں پیشرفت کی ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ نیشنل آئیڈنٹیٹی کارڈ رولز 2002 میں اہم ترامیم کی منظوری دی گئی ہے۔ بچوں اور خاندانوں کے رجسٹریشن سرٹیفکیٹس کو فراڈ کی روک تھام اور قانونی وضاحت کے لیے اپ ڈیٹ کیا گیا ہے۔نادرا نے اپنی موبائل ایپ ’پاک آئی ڈی‘ کی افادیت بڑھانے پر بھی توجہ مرکوز کر رکھی ہے، جو اب تک 70 لاکھ سے زائد بار ڈاؤن لوڈ کی جا چکی ہے۔ اس موقع پر وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری اور نادرا کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔محسن نقوی نے نادرا کی گزشتہ سال کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے مزید اصلاحات کی رفتار تیز کرنے پر زور دیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات